پاکستان اور سری لنکا کی میزبانی میں ایشیا کپ 2023 کا آغاز 31 اگست کو ہوگا جب کہ اس کا فائنل 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ کے 16ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں پاکستان 4 میچوں کی میزبانی کرے گا اور باقی میچز سری لنکا میں ہوں گے۔
اس ٹورنامنٹ میں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں شرکت کریں گی جس میں کل 13 ون ڈے میچ ہوں گے۔
ٹورنامنٹ میں اس سال 3 ٹیموں کے 2 گروپس ہوں گے جس میں ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سپر 4 مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔
سپر فور کی ٹاپ 2 ٹیمیں 17 ستمبر کو فائنل کھیلیں گی۔
بھارت، پاکستان اور نیپال ایک گروپ میں ہیں جب کہ دوسرے گروپ میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان ہیں۔
نیپال نے سال کے شروع میں کھٹمنڈو میں اے سی سی مینز پریمیئر کپ کے فائنل میں متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر اہم ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
سری لنکا دفاعی چیمپئن ہے جس نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ 11 ستمبر 2022 کو کھیلے گئے اس فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 23 رنز سے ہرایا تھا۔ فاتح ٹیم نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستان کی ٹیم 147 بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔
نجم سیٹھی نے بھی خوشخبری سنا دی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے اشیا کپ کے ایک بار پھر پاکستان میں انعقاد کو کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خوشخبری قرار دیا ہے۔
کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری
ایشیا کپ ایک بار پھر پاکستان میں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل منظور, ایشیا کپ31 اگست سے17 ستمبر تک ہوگا۔ ابتدائی میچز پاکستان میں ہونگے جس کے بعد بقیہ میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔ pic.twitter.com/r9jUZ8jCGX— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) June 15, 2023
اپنے ایک ٹوئٹ میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ ایک بار پھر پاکستان میں منعقد ہو رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل منظور ہوگیا اور اب یہ مقابلہ 31 اگست سے17 ستمبر تک ہوگا۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ ابتدائی میچز پاکستان میں ہوں گے جس کے بعد بقیہ میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔