خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت کے وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت 4 ماہ کے لیے بجٹ 20 جون کو پیش کرے گی۔
وہ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے گزشتہ دنوں پشاور سمیت پختونخوا کے دیگر اضلاع میں آنے والے طوفان باد و باراں میں ہوئے نقصان کے حوالے سے بتایا کہ آندھی و بارش سے بنوں میں17، لکی مروت اور ڈی آئی میں 4، 4 شہری جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق شہریوں کے لواحقین کو امدادی چیکس دے دیئے ہیں۔باد و باراں سے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے 4 ٹیمیں سروے کر رہی ہیں۔
نگراں وزیر اطلاعات نے سوشل میڈیا کے حوالے سے کہا کہ سوشل میڈیا پر ملکی سلامتی کے خلاف سرگرمیاں کی جا رہی ہیں۔
عادل راجا اینٹی اسٹیٹ اور بھارتی ایجنٹ ہے
سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عادل راجا اینٹی اسٹیٹ اور بھارتی ایجنٹ ہے۔عادل راجا سوشل میڈیا پر حساس اداروں کے خلاف غلط باتیں پھیلا رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی بزنس مین اسے پیسہ دیتے ہیں۔ نیز یہ کہ یہ سوشل میڈیا ایکٹوسٹ چیئرمین تحریک انصاف کا دست راست ہے۔
بیرسٹر فیروز جمال شاہ کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف کی قیادت کا اس سے تعلق نہیں تو میڈیا پر لاتعلقی کا اظہار کرے۔ اور خیبر پختونخوا کے 2 سابق وزراءِ اعلیٰ بھی بتائیں کہ ان کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ 72 گھنٹے کے اندر قوم کے سامنے اپنی پوزیشن واضح کریں۔ نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ایک پوری نسل کو تباہ اور گمراہ کر دیا۔ نوجوانوں کو گمراہ کرنے کا انجام 9 مئی کی صورت سامنے آیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں نگراں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھر بیچ کر ریڈیو پاکستان کی عمارت بنائی جائے۔ ان کی قیادت ٹیکسیوں میں آئی اور بڑی گاڑیوں میں حکومت سے نکلی۔
بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے کہا کہ حساس ادارے ہمارا اثاثہ ہیں۔ حساس اداروں کو سوشل میڈیا پر ٹارگٹ کرنے کی پرزور مذمّت کرتے ہیں۔
فیض حمید کو قوم کو سچ بتائیں
فیروز جمال شاہ کے مطابق جنرل ریٹائرڈ فیض حمید نے پی ٹی آئی پراجیکٹ شروع کیا تھا۔ اگر فیض حمید کو قوم کے ساتھ ہمدردی ہے تو عوام کو سچ بتائیں۔
نگراں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2035ء تک کا فارمولہ تیار کیا تھا۔ اس پراجیکٹ کا نتیجہ 9 مئی کی صورت میں نکلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ 9 مئی جیسے واقعات ہوئے تو پولیس کی بجائے عوام انہیں ڈنڈے ماریں گے۔
پی ٹی آئی لیڈر شپ کے لیے وال آف شیم بنائی جائے
انہوں نے مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی لیڈر شپ کے لیے وال آف شیم بنائی جائے تاکہ لوگ اس پر گندے انڈے ماریں۔
انہوں نے بتایا کہ توڑ پھوڑ میں ملوث 3 ہزار سے زائد ملزمان کی گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔33 کیسز ملٹری کورٹس کے حوالے ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا مطالبہ ہے پی ٹی آئی کی پہلی اور دوسری صف کی لیڈرشپ بین ہو۔
اس موقع پر نگراں وزیراطلاعات نے بتایا کہ حیات آباد میں ہسپتال کا 20 سال سے زیر التواء منصوبہ دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔ اس اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کے لیے وفاق نے پیسے جاری کیے ہیں۔
پی ٹی آئی والے صرف کمیشن کھانے کے لیے حکومت میں آئے تھے
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے صرف کمیشن کھانے کے لیے حکومت میں آئے تھے۔ تحریک انصاف نے صوبے کو قرض کے بوجھ تلے دبا دیا۔ صوبے کو اس وقت 32 ارب روپے قرض اور سود کی مد میں ادا کرنے ہیں۔
بیرسٹر فیروز شاہ کے مطابق پی ٹی آئی لیڈر شپ ورکروں کو اکیلا چھوڑ کر روپوش ہے۔ پولیس انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔