پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان لاپتا ہو گئے ہیں، ان کی گمشدگی کا مقدمہ تھانہ کوہسار اسلام آباد میں درج کر دیا گیا ہے۔
جمعہ کو اعظم خان کے بھتیجے کی جانب سے تھانہ کوہسار اسلام آباد میں ایک درخواست دائر کی ہے جس کے بارے میں پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’اعظم خان جمعرات کی شام گھر سے نکلے لیکن وہ اس وقت تک واپس گھر نہیں لوٹے اور ان کا موبائل نمبر بھی بند ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ دفعہ 365 کے تحت نا معلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔
اعظم خان، جو میرے پرنسپل سیکرٹری ہوا کرتے تھے، کل شام سے لاپتہ ہیں۔ ہر وہ شخص جس کے بارے میں یہ تاثر ہے کہ مجھ سے قریب تھا، کو ہدف بنایا جارہا ہے۔
میں سابق گورنر لطیف کھوسہ کی رہائشگاہ پر گزشتہ شب کئے جانے والے حملے کی بھی شدید مذمت کرتا ہوں۔ لطیف کھوسہ کا جرم یہ ہے کہ وہ قوم… pic.twitter.com/PahxsU87ar
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 16, 2023
ادھر سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنی ٹویٹ میں اعظم خان کی گمشدگی کی تصدیق کی ہے اور اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ اعظم خان جو میرے پرنسپل سیکریٹری تھے جمعرات کی شام سے لاپتا ہیں۔ عمران خان نے یہ بھی لکھا ہے کہ جو بھی میرے قریب سمجھا جاتا ہے اسے نشانہ بنایا جاتا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اعظم خان کی گمشدگی کے حوالے سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سینئر افسر اعظم خان گمشدگی کا معاملہ ۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس اعظم خان کی گمشدگی کے حوالے سے قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔
درخواست دہندہ متعلقہ تھانہ سے رابطہ کرے تاکہ قانونی کارروائی کی جا سکے۔
اعظم خان کے حوالے سے کسی کے پاس کوئی بھی اطلاع ہوتو پکار 15 پر اطلاع دیں۔…
— Islamabad Police (@ICT_Police) June 16, 2023
جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ درخواست گزار متعلقہ تھانے سے رابطہ کرے تاکہ قانونی کارروائی کی جا سکے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اعظم خان کے حوالے سے کسی کے پاس کوئی بھی اطلاع ہو تو 15 پر اطلاع دے۔
واضح رہے کہ اعظم خان سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری رہنے کے علاوہ پاکستان ایڈمنسڑیٹیو سروس گروپ کے افسر بھی ہیں۔ اعظم خان کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے رستم سے ہے، وہ ایک بڑے زمیندار گھرانے سے ہیں۔
اعظم خان سول سروسز کے امتحان میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کے بعد متعدد اہم سرکاری عہدوں پر تعینات رہے۔ انہوں نے اپنی سروس کا زیادہ تر عرصہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ہی گزارا۔ اعظم خان شمالی اور جنوبی وزیرستان میں پولیٹکل ایجنٹ کے طور پر بھی تعینات رہے ہیں۔ وہ پشاور کے کمشنر بھی رہ چکے ہیں۔
وہ مختلف صوبائی محکموں میں جوائنٹ سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر کام کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے پچھلے دور حکومت میں اعظم خان صوبائی چیف سیکرٹری کے عہدے تک پہنچے میں کامیاب ہوئے۔