پاکستان کے سابق آرمی چیف اور سابق صدر مملکت جنرل پرویزمشرف کی میت لینے کے لیے پاکستان سےطیارہ پیر کی صبح دبئی پہنچےگا۔
سماء کے مطابق خصوصی طیارہ نور خان ایئر بیس سے دبئی کے المکتوم ایئر پورٹ اترے گا جہاں سے وہ جنرل پرویز مشرف جن کا طویل علالت کے بعد دبئی میں اتوار کو انتقال ہوا کی میت لے کر وطن واپس پہنچے گا۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتی مشن نے بتایا ہے کہ سابق صدر کی میت پاکستان لے کر جانے کے لیے اہل خانہ کی جانب سے قونصل خانہ دبئی میں درخواست کردی گئی ہے۔
گو اب تک جنرل پرویز مشرف کی تدفین کے وقت اور مقام کے حوالے سے کسی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ذرائع کے مطابق سابق صدر کو راولپنڈی کے آرمی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔