زمبابوے میں عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے کوالیفائر راؤنڈ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔
کوالیفائرراؤنڈ میں ہفتہ کے روز مزید 2 میچ کھیلے جائیں گے پہلا میچ میزبان زمبابوے اور دو بار کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ہرارے کھیلا جائے گا۔
زمبابوے کی ٹیم کی قیادت کریگ ارون کر رہے ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم شائی ہوپ کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہےجب کہ زمبابوے کی ٹیم کے بھی 4 پوائنٹس ہیں۔
ہفتہ کے روز ہی دوسرا میچ نیدرلینڈزاور نیپال کی ٹیموں کے درمیان تاکاشینگا سپورٹس کلب ہرارےمیں کھیلا جائے گا۔ نیدرلینڈز کی ٹیم کی قیادت سکاٹ ایڈورڈز کر رہے ہیں جب کہ نیپال کی ٹیم کی قیادت روہت پاوڈیل کر رہے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر گروپ اے میں شامل نیدرلینڈز اور نیپال کی ٹیمیوں کے 2، 2 پوائنٹس ہیں اور بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
رواں سال شیڈول ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے 10 ٹیمیں کوالیفائر میں مدمقابل ہیں ۔ سابق ورلڈ چیمپیئن ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کر سکیں۔ وہ بھی کوالیفائر میچز میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔ ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیدرلینڈز، نیپال اور امریکا کی ٹیموں کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔
سری لنکا، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، اومان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گروپ بی میں ہیں ۔ کوالیفائر میچز 9 جولائی تک زمبابوے میں جاری رہیں گے۔