حلیم پاکستان اور بھارت کے ان چند پکوانوں میں سے ایک ہے جو یہاں کے لوگ بہت شوق سے کھاتے ہیں۔ غذائی اجزا سے بھرپور حلیم صدیوں پرانی اور مقبول ترین ڈش ہے۔ یوں تو حلیم کی بے شمار اقسام ہیں لیکن یہاں آج ہم آپ کو لذیذ اور چٹ پٹی لکھنؤ حلیم بنانے کا انتہائی آسان طریقہ بتانے جا رہے ہیں جسے آپ بآسانی گھر پر تیار کر سکتے ہیں۔
لکھنؤ حلیم میں استعمال ہونے والے اجزا
کوئی بھی گوشت حسب مقدارکم سے کم 2 کلو
دال ارہر، دال چنا، دال ماش اور مسور 375 گرام
ادرک آپ حسب ضرورت استعمال کر سکتے ہیں
ہری مرچ، ہرا دھنیا حلیم کی مقدار کے مطابق حسب ضرورت
بازاری دلیہ 375گرام
پیاز 250 گرام
چاول 60 گرام
لیموں 2 عدد
گھی 375 گرام
ہلدی، نمک اور مرچ حسب ذائقہ
پکانے کی ترکیب
لکھنؤی حلیم تیار کرنے کے لیے سب سے پہلے گوشت کا قورمہ تیار کرنا ہو گا اس کے ساتھ ساتھ دلیے میں نمک ڈال کراسے بھی پکنے کے لیے چولہے پر چڑھا دیں۔
پھر دال ماش اور چنے میں چاول ڈال کر پکائیں، پکانے سے پہلے ضروری ہے کہ ان سب اشیا کو الگ الگ پانی میں بھگو دیں۔ ایک دیگچی میں ارہر دال ہلکا نمک ڈال کر ایک الگ چولہے پرچڑھا دیں یہ جب تھوڑی گل جائے تو اس میں چنے کی دال ڈال دیں۔
جب تینوں پک کر تیار ہو جائیں تو سب کو ملا کر انھیں بلینڈ کر لیں اور اوپر مصالحہ وغیرہ ڈال دیں۔ پھر اس میں براؤن پیاز ڈال کر دم پر لگا دیں۔ پندرہ منٹ گزر جانے کے بعد اسے کھول دیں اور اس میں لیموں ادرک اور ہری مرچ کٹی ہوئی شامل کر لیں۔ لکھنؤی حلیم تیار ہے۔