سابق صدر اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی تدفین منگل کو کراچی میں فوجی اعزاز کے ساتھ کردی گئی۔
تدفین کال پل کے نزدیک آرمی قبرستان میں کی گئی جبکہ نماز جنازہ کراچی میں واقع ملیر کینٹ کے پولوگراؤنڈ میں ادا کی گئی تھی۔
جنازہ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد سمیت اعلیٰ سول و فوجی قیادت ،سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔
شرکاء میں ان کے صاحبزادہ بلال مشرف، قریبی عزیز و اقارب کے علاوہ سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل احسان الحق، سابق آرمی سربراہان جنرل ریٹائر قمر جاوید باجوہ، جنرل ریٹائر اشفاق پرویز کیانی اورجنرل مرزا اسلم بیگ، سیاسی شخصیات خالد مقبول، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، فروغ نسیم، امین الحق، فواد چوہدری، امیر مقام، عمران اسماعیل بھی شامل تھے۔
کال پل کے نزدیک کینٹن اسٹورز ڈیپارٹمنٹ سے متصل آرمی قبرستان کا انتظام رینجرز اور آرمی کے جوانوں نے سنبھالا تھا اور قبرستان کی طرف جانے والی گلی میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پرویز مشرف کی نماز جنازہ پولوگراؤنڈ ملیر کینٹ کراچی میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، سابق آرمی چیف جنرل ریٹائر قمر جاوید باجوہ اور جنرل ریٹائر اشفاق پرویز کیانی نے شرکت کی pic.twitter.com/DKUh3383pI
— Salahuddin ARY (@salahary) February 7, 2023
واضح رہے کہ سابق صدر مشرف کا جسد خاکی گزشتہ روز 6 فروری کو کراچی ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل سے ملیر کینٹ منتقل کیا گیا تھا۔
سابق آرمی چیف آف پاکستان اور صدر مملکت سید پرویز مشرف طویل علالت کے بعد اتوار 5 فروری کی صبح دبئی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ ایک غیرمعمولی بیماری مائلائیڈوسس میں مبتلا تھے۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔
ان کا جسد خاکی پرواز ایم ایل ایم 567 کے ذریعے پیر کو پاکستان پہنچایا گیا تھا جس کے ہمراہ ان اہل خانہ بھی وطن پہنچے تھے۔