ترکیہ میں پیر کے روز آنے والے زلزلے کے باعث ایک مقبول فٹبالر احمد ترک اسلان جاں بحق ہوگئے۔
فٹبال ٹیم کے 28 سالہ گول کیپراحمد ترک اسلان ملبہ تلے دب گئے تھے جس کے باعث ان کی موت ہوگئی۔
اس بات کی تصدیق ان کے کلب نے ٹویٹر پر کی۔ ایک ٹویٹ میں فٹبال کلب نے اپنے کھلاڑی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ احمد ایک خوبصورت انسان تھے جنھیں بھلایا نہیں جا سکے گا۔
احمد نے سیکنڈ ڈویژن کلب ینی ملاتیا اسپور میں سنہ 2021 میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد وہ اس کلب سے چھ بار کھیلے۔
ترکیہ کے متعدد کھلاڑی زلزلہ سے متاثر ہوئے ہیں جن میں مردوں کی والی بال ٹیم اور لڑکیوں کی انڈر 14 والی بال ٹیم کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ان میں سے کچھ کھلاڑیوں کو ملبہ سے زندہ نکال لیا گیا جبکہ بیشتر کی تلاش جاری ہے۔