جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس سے نالہ لئی میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، واسا نے نالہ لئی کے اطراف شہریوں کے لیے وارننگ جاری کر دی۔
اسلام آباد کے علاقے گولڑہ میں 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، راولپنڈی میں شمس آباد 15 جبکہ چکلالہ میں 17 میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واسا راولپنڈی نے نالہ لئی کے اطراف شہریوں کے لیے وارننگ جاری کر دی ہے۔
واسا کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 فٹ اور گوالمنڈی پر 4 فٹ ہے۔
ایم ڈی واسا محمد تنویر کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے، نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے عملہ مشینری کے ساتھ موجود ہے۔
کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے واسا اور ضلعی انتظامیہ نے پیشگی اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔