شاہ فیصل مسجد کی بے حرمتی، انتظامیہ کیا کر رہی ہے؟

اتوار 9 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی قوم دنیا بھر میں  توہین رسالت ، اہانت قرآن اور مسجد کی بے حرمتی پر شدید احتجاج کرتی ہے، مگر اسی پاکستان میں ملک کی سب سے بڑی مسجد کی بے حرمتی ہوتی ہے، اس پر خاموش رہتی ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ ہم خود اپنی مساجد کی بے حرمتی کر رہے ہوتے ہیں چاہے وہ مسجد وزیر خان ہو، بادشاہی مسجد یا پھر فیصل مسجد، ان مساجد کی مسلسل بے حرمتی کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔

فیصل مسجد میں موجود تالاب جس کے باہر واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ تالاب میں گندگی پھینکنا یا تالاب کے اندر جانا منع ہے مگر اس کے باوجود لوگ وہاں گند پھینک رہے ہیں اور نہا رہے ہیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ لوگ مسجد کی اس بے حرمتی پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

محمد عمر شبلی نامی ٹوئٹر صارف نے اپنے ٹوئٹ میں فیصل مسجد کی اس بے حرمتی پر کہا کہ یہ ویڈیو انتظامیہ کی نا اہلی کا ثبوت پیش کر رہی ہے، ویڈیومیں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسجد کا تقدس برے طریقے سے پامال ہو رہا ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے یہ کوئی پکنک سپاٹ ہو۔

 ایک دوسرے صارف طاہر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ نہ صرف اس تالاب کو صاف ہونا چاہیے بلکہ ذمہ داران کو سزا بھی ملنی چاہیے تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو۔

نشاط نامی ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میں مئی میں فیصل مسجد گئی تھی، لوگ بالکل بھی مسجد کے آداب کا خیال نہیں رکھتے، فیصل مسجد اب مکمل طور پر ایک تفریح گاہ بن چکی ہے، انتظامیہ کو سخت کارروائی کرنی چاہیے۔

محمد حنیف نے لکھا کہ مسجدوں کو سیاحوں کے لیے بند کر دینا چاہیے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ انتظامیہ کیا کر رہی ہے؟

اس پر سینئر صحافی قمر المنور نے فیصل مسجد کے احاطہ میں گندگی کی تصاویر اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئی لکھا کہ فیصل مسجد کی آج کی صورتحال کے ذمہ دار کون ہیں؟ ان کا کہنا ہے کہ اسے تفریحی مقام مت بنایا جائے، بھکاریوں کی کثیر تعداد مسجد کے باہر نہیں اندر صحن میں موجود ہے۔

اسلام میں مسجد کو عبادت، تعلیم و تربیت، ثقافت اور تہذیب و تمدن کے اعتبار سے مرکزی مقام حاصل رہا ہے بلکہ مسلمانوں کی تمام سرگرمیوں کا مرکز و منبع مسجد ہی تھی۔ اسلام کی تعلیم کا آغاز مسجد سے ہوا۔ پیغمبر اسلام جناب محمدﷺ نے ہجرت فرمائی تو مدینہ سے باہر مسجد کی بنیاد رکھی جو سب سے پہلی مسجد ہے۔ پھر مدینہ منورہ میں دوسری مسجدنبوی بنائی۔ ان مساجد میں  لوگوں کو دینی اور دنیاوی تعلیمات دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp