الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے پیش نظر لوکل گورنمنٹ اور کنٹونمنٹ بورڈز کی معطلی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق دائر درخواست پر جمعرات کو سماعت کریں گے۔
ٹیکسلا اور پشاور سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اب تک پنجاب، خیبرپختونخوا کے صوبائی انتخابات کا شیڈول جاری نہیں کیا اور نہ ہی اب تک دونوں صوبوں میں نئی ووٹر لسٹیں مرتب کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
درخواست گزارون کے مطابق الیکشن کمیشن نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے دونوں صوبوں میں لوکل گورنمنٹ اور کنٹونمنٹ بورڈ کو معطل کردیا ہے جس کے باعث دونوں صوبوں میں ان بلدیاتی اداروں کی معطلی سے شہریوں کے روزمرہ کے کام اور حقوق متاثر ہورہے ہیں۔
درخواست میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ڈی جی لا کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کا کنٹونمنٹ بورڈز کی معطلی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔
الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے پیش نظر لوکل گورنمنٹ اور کنٹونمنٹ بورڈز کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا