بلوچستان: سرکاری پیش امام کی اسامی پر غیر مسلم امیدوار شارٹ لسٹ

بدھ 12 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں یوں تو سرکاری محکموں کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لیکن کئی بار یہ سرکاری محکمے  کچھ ایسے کارنامے بھی انجام دے دیتے ہیں جو کافی عرصے تک خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔ ایسا ہی ایک دلچسپ اور انوکھا واقعہ بلوچستان میں رونما ہوا جب محکمہ خوراک نے پیش امام کی خالی نشست پر امتحان کے لیے ہندو امیدوار کو شارٹ لسٹ کر لیا۔

چند ماہ قبل محکمہ خوراک بلوچستان کی جانب سے مختلف اسامیوں کا اعلان کیا گیا جن میں محکمے کی مسجد کے لیے ساتھ پیش امام کی اسامی بھی شامل تھی۔ جس پر صوبے بھر سے امیدواران نے اپلائی کیا۔

چند روز قبل محکمہ خوراک کی جانب سے نصیر آباد ڈیوژن کے لیے اعلان کردہ پیش امام کی اسامی پر شارٹ لسٹ امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی جس میں راہل کالرا نامی ایک امیدوار کا نام بھی شامل تھا جسے تحریری ٹیسٹ کے لیے رول نمبر جاری کیا گیا تھا۔

 

یہ معاملہ سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیلا اور سوشل میڈیا صارفین نے پیش امام کی ملازمت کے لیے ایک غیر مسلم کو شارٹ لسٹ کیے جانے پر محکمہ خوراک بلوچستان کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ تاہم اس معاملے پر حکومت کی جانب سے تردید جاری کی گئی جس میں یہ کہا گیا کہ امیدوار نے محکمہ خوراک بلوچستان میں آن لائن اپلائی کیا تھا لیکن اس امیدوار کو نہ تو منتخب اور نہ ہی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راہل کالرا بتایا کہ انہوں نے محکمہ خوراک میں جونیئر کلرک کے لیے اپنے کاغذات آن لائن جمع کروائے لیکن اپلائی کرنے کے دوران غلطی سے پیش امام کی سامی پر بھی کوائف جمع کروادیے جس کے بعد محکمہ خوراک نے انہیں رول نمبر بھی جاری کردیا۔

راہل کالرا نے کہا کہ اس معاملے سے متعلق سوشل میڈیا پر لوگ انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں لیکن اس میں غلطی محکمے سے ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی صورتحال میں وہ سوچ رہے ہیں کہ دیگر اسامیوں پر بھی امتحان دینے نہ جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp