شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد

جمعرات 9 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گرفتار سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی مشکلات کم نہ ہوسکیں۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے آصف زرداری کیخلاف عمران خان کے مبینہ قتل کی سازش سے متعلق بیان پر درج مقدمے میں گرفتار شیخ رشید کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔۔

آصف زرداری کیخلاف عمران خان کے مبینہ قتل کی سازش سے متعلق بیان پر درج مقدمے میں گرفتار سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

دوران سماعت وکیل دفاع سردار عبد الرازق نے موقف اختیار کیا کہ شیخ رشید کی جانب سے سازش اور دو سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم کرانے کےتحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں عائد کی گئی دفعات وفاقی یا صوبائی حکومت کی جانب سے عائد کی جاسکتی ہیں لیکن کسی شہری کی جانب سے نہیں۔ مذہبی اور لسانی گروپوں یا کسی قومیت کیخلاف ایسا کوئی بیان نہیں دیا جس پر اس نوعیت کی دفعات لگائی جائیں۔

پروسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کو بھیجا پولیس کا نوٹس معطل کیا تھا مقدمہ درج کرنے سے نہیں روکا تھا۔۔ دوران مقدمہ تفتیش کرنا قانون کے مطابق ہے۔۔ جس سے اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی نہیں روکا۔۔ ملزم کوئی عام آدمی نہیں بلکہ سیاسی جماعت کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر رہ چکے ہیں۔۔ ان کو ضمانت دینا امن و عامہ کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید احمد کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔ شیخ رشید کی جانب سے الزام کو بار بار دہرانا ضمانت خارج ہونے کی وجہ قرار دی گئی ہے۔ 

 چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید سینیئرسیاست دان ہیں اور ایف آئی آر میں لگائی گئی دفعات سنجیدہ ہیں۔ لگتا ہے وہ اپنے بیانات کے اثرات سے لاعلم ہیں اور ماضی میں بھی اس طرح کے غیر سنجیدہ بیان دے چکے ہیں۔ ایک طرف وہ کہتے ہیں قتل کی سازش سے متعلق تمام معلومات موجود ہیں لیکن پولیس سے شیئر بھی نہیں کیں۔ 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp