فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ‘ مینیا فیسٹول میں نمائش کے لیے منتخب

جمعرات 9 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی سپر سٹار فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز برزخ کا پریمیئر رواں سال مینیا فیسٹیول میں ہوگا۔ مارچ میں ہونے والے اس فیسٹول مِیں یہ سیریز جنوبی ایشیا سے واحد انتخاب ہے جو ایونٹ میں دیکھایا جائے گا۔

ویب سیریز برزخ کو بین الاقوامی پینوراما لائن اپ کے حصے کے طور پر دکھایا جائے گا اس کے علاوہ اس ویب سیریز کو کئی کیٹیگریزمیں نامزد بھی کیا گیا ہے جس میں بہترین سیریز، بہترین ہدایت کار، بہترین اداکارہ، اور بہترین اداکار کے ساتھ ساتھ اسٹوڈنٹ جیوری ایوارڈ اور آڈینس ایوارڈ بھی شامل ہے۔

ڈرامہ سیریل ہم سفر سے شہرت پانے والے اداکارفواد خان برزخ میں ایک سنگل پیرنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ اداکارہ صنم سعید ایک ایسا کردار ادا کر رہی ہیں جو پراسرار ہونے کے ساتھ ساتھ ہمدرد بھی ہیں۔

اس ویب سیریز کو پاکستان کی خوبصورت وادی ہنزہ میں شوٹ کیا گیا جبکہ اس کی کہانی محبت، نقصان اور مفاہمت کے موضوعات کے ارد گرد گھومتی ہے۔ سیریز کو عاصم عباسی نے ڈائریکٹ جبکہ انڈین لکھاری شیلجا کیجریوال نے پروڈیوس کیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز میں شائع ایک رپورٹ کی مطابق برزخ کی رپروڈیوسر شیلجا کیجریوال نے کہا کہ اس سیریز کا آئیڈیا کورونا کے دنوں میں سامنے آیا جب عالمی وبا کی وجہ پیار، زندگی اور محبت جیسے جذبات کا تصور بلکل بدل گیا تھا۔

واضح رہے کہ فواد خان اور صنم سعید اس سے قبل ڈرامہ سیریل زندگی گلزار میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے اور اب دس سال بعد ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp