میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پانی چوروں کے خلاف ایکشن لے لیا ہے۔
ماہانہ 10 کروڑ سے زائد کا پانی چوری کرنے والوں کے خلاف 15 ایف آئی آرز درج کرادی گئی ہیں۔
واٹر بورڈ افسران کے مدعیت میں درج مقدمات میں پہلی بار پانی چوروں کو باقاعدہ نامزد بھی کیا گیا ہے۔
میئر مرتضیٰ وہاب نے پانی چوری کے مقدمات میں نامزد ملزمان کو 48 گھنٹوں میں گرفتار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پانی چوری کرنے اور غیر قانونی ہائڈرنٹ کے خلاف پولیس کے ساتھ رینجرز کی بھی مدد لی جائے گی۔
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ ضلع غربی سے واٹر بورڈ کی مین لائنوں سے پانی چوری کیا جاتا تھا۔ اب کسی کو بھی پانی چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ واٹر بورڈ کے افسران پانی چور مافیا کے خلاف ایکشن لیں۔ اگر کسی نے پریشر ڈالا تو اس پر میں ایکشن لوں گا۔
واضح رہے کہ کراچی میں پانی چوری کا مسئلہ عرصہ دراز سے چلا آ رہا ہے، اس سے قبل 2021 میں نیب نے بھی اس حوالے سے تحقیقات کی تھیں اور واٹر بورڈ افسران سے تفصیلات طلب کی تھیں۔ واٹر بورڈ افسران نے جمع کرائے گئے جواب میں الزام عائد کیا تھا کہ پولیس اور مافیا کے گٹھ جوڑ کے باعث پانی چوری کیا جا رہا ہے۔