پشاور میں رات گئے پولیس پر حملہ ہوا جس میں 2 اہلکار جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔ نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔
پشاور پولیس کے مطابق حملہ پولیس اسٹیشن ریگی ماڈل ٹاؤن کے انٹری چیک پوسٹ پر ہوا، جہاں نامعلوم مسلحہ افراد نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ واقعے کے بعد حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر بغیر کسی مزاحمت کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فائرنگ کے بعد اضافی پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ایس پی روسک ملک ارشد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ اس وقت ہوئی جب پولیس اہلکار چیک پوسٹ پر معمول کی ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے۔
ملک ارشد نے بتایا کہ حملہ آور ریگی ماڈل ٹاؤن انٹری پر چیک پوسٹ کے قریب موجود قبرستان سے آئے اور پولیس کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ سے ڈیوٹی پر تعینات 4 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ 2 راستے میں دم توڑ گئے۔
ایس پی ملک ارشد نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ تاہم اس وقت ان کی تعداد کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
یاد رہے کہ پشاور میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ روز حیات آباد میں کار سوار خودکش حملہ آور نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا جس میں 8 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ اس سے پہلے سکھ برادری کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔