پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سری لنکا کی مشکل کنڈیشنز میں ہمارے بیٹرز مخالف ٹیم کے اسپنرز پر حاوی رہے اور ہماری نظریں آئندہ وائٹ بال کرکٹ پر مرکوز ہیں۔
جمعرات کو کولمبو ٹیسٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، یہاں اسپن کو کھیلنا آسان نہیں ہے لیکن ہمارے بیٹرز نے بہت اچھا کھیلا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم نے اس سیریز کے لیے کراچی اور لاہور میں بھرپور ٹریننگ کی تھی۔
بابر اعظم نے کہا کہ سیریز میں تمام کھلاڑیوں نے شاندار پرفارم کیا اور سب کھلاڑی تعریف کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ٹیم گیم ہے اور ہمارے بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے سعود شکیل، آغا سلمان اورعبداللہ شفیق کی دونوں ٹیسٹ میچوں میں شاندار اننگز پر تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نظر آنے والے وائٹ بال میچوں پر ہے اور اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جارحانہ بیٹنگ منصوبے کا حصہ تھا جس پر ہم نے دورے سے پہلے بات کی تھی اور ہم مثبت کرکٹ کھیلنا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو پاکستان نے کولمبو ٹیسٹ ایک اننگز اور 222 رنز سے جیت کر میزبان سری لنکن ٹیم کو سیریز میں کلین سوئپ کیا۔ چوتھے روز سری لنکن ٹیم 188 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس جیت کے ساتھ قومی ٹیم نے کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کرلیے۔ اس سیریز کی فتح کے بعد قومی ٹیم سری لنکا میں سے زیادہ 5 مرتبہ سیریز جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے جب کہ پہلے یہ اعزاز آسٹریلیا کے پاس تھا جس نے 4 سیریز اپنے نام کی تھیں۔