تحریک انصاف نے اپنے ان منحرف اراکین صوبائی اور قومی اسمبلی کی بنیادی رکنیت ختم کردی ہے، جنہوں نے حال ہی میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں تشکیل کردہ پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔
مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے سابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سمیت مجموعی طور 25 اراکین کی پارٹی رکنیت کی منسوخی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔
جنرل سیکریٹری تحریک انصاف عمر ایوب کے دستخط کے ساتھ تمام 25 اراکین کو بھیجے گئے خط میں انہیں پارٹی کی بنیادی رکنیت کے خاتمے کی اطلاع دی گئی ہے۔ منحرف اراکین ظہور شاکر، ولسن وزیر، ضیاء اللہ بنگش، اور شاہ فیصل کی رکینت ختم کردی گئی ہے۔
تحریک انصاف کے سابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی بھی پارٹی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں پارٹی پوزیشن اور نام استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح رکن قومی اسمبلی شوکت علی، شیر اکبر، سید غازی، غزن جمال بھی پارٹی سے فارغ کردیے گئے ہیں۔
سید اقبال میاں، اشتیاق ارمڑ، صالح محمد، ندیم خیال اور مفتی عبیداللہ کی بھی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔ آغاز اکرام اللہ، احمد حسین شاہ، احتشام جاوید اختر اور ابراہیم خٹک بھی پارٹی سے فارغ کردیے گئے ہیں۔
محب اللہ خان، محمد دیدار، اقبال وزیر اور محمد یعقوب سمیت شفیق آفریدی، احمد حسین شاہ، شیر اختر، شاہ فیصل کی رکنیت بھی ختم کردی گئی ہے۔