امریکہ میں ایک کسان نے اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر اہلیہ کو سورج مکھی سے بھرا ایک بڑا کھیت تحفے میں دے دیا۔
امریکی شہری لی ولسن نے کنساس میں مقامی میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ ’رینی‘ کے لیے اپنی شادی کی 50 ویں سالگرہ پر 80 ایکڑ اراضی پر محیط کھیت میں 1.2 ملین سورج مکھی لگائے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے انہوں نے بہت سوچا ان کی شادی کی گولڈن جوبلی پر اہلیہ کو کیا تحفہ دیں، پھر انہیں خیال آیا کہ ان کی اہلیہ کو ہمیشہ سے سورج مکھی پسند ہے، اسی بنا پر انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی اہلیہ کو شادی کی گولڈن جوبلی پرسورج مکھی ہی تحفے میں دیں گے۔
لی ولسن اور ان کے بیٹے نے چھپ چھپ کر سورج مکھی کا یہ کھیت تیار کیا اور عین شادی کی سالگرہ پر کسان نے اپنی اہلیہ کو یہ کھیت دیکھایا۔
لی ولسن کا کہنا ہے کہ جب وہ پہلی بار ہائی سکول میں ملے تھے، رینی کی عمر اس وقت 16 سال سے کم تھی، اس لیے ہم ساتھ کہیں جاتے بھی نہیں تھے، جب رینی 16 کی ہوئی تو ہم نے پہلی بار ہارپر کنساس میں پارٹی کی۔
This farmer surprises his wife with a field of sunflowers for their 50th anniversary. 🌻🥺https://t.co/hxBTUISesA pic.twitter.com/nTl6mW3VSu
— Good Morning America (@GMA) July 31, 2023
کسان کی اہلیہ ’رینی‘ نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ’اس تحفے پر انہوں نے بہت خاص محسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ سورج مکھی کے کھیت سے زیادہ بہترین تحفہ کوئی نہیں ہو سکتا تھا۔‘
ایک طرف کسان کی اہلیہ اس حیرت انگیز تحفے سے خوش ہیں تو دوسری طرف اس کھیت میں کھلے ہوئے پھولوں کی تصویریں لینے کے لیے سیاح بھی امڈ آئے ہیں اور کھیت میں آ کر جہاں سورج مکھی کی تصویریں نکال رہے ہیں وہی اس کھیت میں اپنی تصویریں بھی کیمرہ بند کروا رہے ہیں۔