کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاون میں والد نے اپنی بیٹی کو جلا کر قتل کرنے کا اعترافِ جرم کر لیا ہے۔ اعتراف ِ جرم میں ملزم نے کہا ہے کہ اس نے اپنی بیٹی کو اس لیے جلایا کہ وہ زیادہ بھیک سمیٹ سکے۔
کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاون میں والد کے تشدد سےبچی کی ہلاکت کا مقدمہ درج ہونے کے بعدبچی کےقتل میں ملوث باپ کو گرفتار کر لیا گیا تھا، مقدمہ بچی کے نانا (ماں کے ماموں ) محمد منظور کی مدعیت میں تھانہ زمان ٹاون میں درج کیا گیا۔
ملزم چاند میاں نے پولیس کے سامنے دفعہ 161 کے تحت بیان قلمبند کرایا جس میں اس نے اعتراف کیا کہ اس نے بچی سے زیادہ بھیک منگوانے کے لالچ میں بیٹی کو جلایا تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ بھیک سمیٹ سکے۔
پولیس کے مطابق ملزم اپنے جرم کا اقرار کر چکا ہے جس کے باعث علاقہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرکے دفعہ 164 کے تحت اعترافی بیان قلمبند کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
بچی کے نانا نے اپنی (بھانجی کے شوہر ) داماد کے بارے میں بتایا کہ ملزم چاند میاں نشہ کا عادی ہے بچی کو بھیک منگوانے کے لیے گھر سے زبردستی لے گیا تھا واپس لایا تو بچی جھلسی ہوئی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی بیوی سے بھی بھیک منگوایا کرتا تھا جس کی وجہ سے ملزم کی بیوی میکے چلی آئی تھی۔ مجھے جب اطلاع ملی کہ فضا جھلسنے کے باعث انتقال کر گئی تو میں لاش تھانے اسپتال لے گیا۔
انہوں نے کہا کہ میرا دعویٰ چاند میاں کے خلاف ہے کہ اس نے میری نواسی کو بھیک مانگنے کی غرض سے آگ سے جھلسا کر قتل کیا جس پر اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ چاہتا ہوں کہ ایسے شخص کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔
پولیس کے مطابق چاند میاں 26 جولائی کو فضا کو گھر سے بھیک منگوانے لے گیا 27 جولائی کو جب واپس گھر آئے تو بیٹی جھلسی ہوئی تھی جس کے باعث 3اگست کو بچی کی موت ہوئی۔














