عالمی شہرت یافتہ صدا کار ضیا محی الدین انتقال کرگئے

پیر 13 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی شہرت یافتہ ہدایت کار،صدا کار، اداکار اور میزبان ضیامحی الدین 92 برس کی عمر  میں انتقال کرگئے۔

20جون 1931ء کو فیصل آباد میں پیدا ہونیوالے ضیامحی الدین کو 2003ء میں ستارہ امتیاز اور 2012ء میں ہلال امتیازسے نوازا گیا۔

مرحوم کی نمازجنازہ آج بعد نمازظہرین امام بارگاہ یثرب ڈیفنس فیز4 کراچی میں ادا کی جائےگی۔

ضیا محی الدین نے ریڈیو آسٹریلیا  سے اپنے کام کاآغاز کیا اور بہت عرصے تک برطانیہ کےتھیٹرکےلئے فرائض سر انجام دینے کے ساتھ برطانوی سنیما اور ہالی ووڈ میں بھی فن کے جوہر دکھاتے رہے۔

50 کی دہائی میں لندن کے رائل اکیڈمی آف ڈراماٹک آرٹ سے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی اس کے بعد عالمی شہرت یافتہ تھیٹر براڈوے کی زینت بننے والے جنوبی ایشیا کے پہلے اداکار بنے۔

ضیاءمحی الدین  1962میں کلاسک انگریزی فلم لارنس آف عریبیہ میں بھی جلوہ گر ہوئے۔ انہوں نے متعدد انگریزی فلموں اورٹی وی سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

70 کی دہائی میں جب ٹیلی ویژن اسکرین پر شوز کا آغاز ہوا تو انہوں نے پی ٹی وی سےضیاء محی الدین شو کے نام سے منفردپروگرام شروع کیا۔

جنرل ضیا الحق کے مارشل لا میں ضیاء محی الدین واپس برطانیہ چلےگئے۔90 کی دہائی میں ضیاء محی الدین نے  پاکستان میں مستقل سکونت اختیار کی۔

ضیاء محی الدین نے انگریزی اخبار دی نیوزمیں کالم بھی لکھے۔ ان کی یادداشتوں پر مبنی کتاب A carrot is a carrot ایک مکمل ادبی شہ پارہ ہے۔

ضیا محی الدین نے2004ء میں کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی بنیاد رکھی جس کا وہ زندگی کی آخری سانسوں تک حصہ رہے۔

ضیاء محی الدین کی نمازجنازہ مسجد یثرب میں ادا کی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائےزندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جب کہ ضیاء محی الدین کی تدفین ڈیفنس فیز 4 قبرستان میں عمل میں آئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp