اسرائیل کی جانب سے شام پر ایک میزائل حملے میں 4 شامی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیر کے روز شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب اسرائیلی میزائل حملے میں شام کے کم از کم 4 فوجی جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی حملے میں جانی نقصان کے علاوہ مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ شام کے دفاعی نظام نے اسرائیل کے کچھ میزائل حملے ناکام بنا دیے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے ان میزائل حملوں کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل گزشتہ کئی برسوں سے شام میں ایران سے منسلک نام نہاد اہداف کے خلاف حملے کر رہا ہے۔
شام میں 2011 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی میں صدر بشار الاسد کی ایرانی حمایت کے بعد سے شام میں ایران کا اثر و رسوخ بڑھا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسرائیل نے 1967 میں شام کی گولان پہاڑیوں پر قبضہ کیا تھا۔