پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری کا جواب عوام نے ضمنی انتخابات میں بلے پر ٹھپہ لگا کر دے دیا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے خیبر پختونخوا کےضمنی انتخابات کے نتائج کو ایک ٹریلر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج پشاور میں عوام نے عمران خان اور پی ٹی آئی مخالفین کو ووٹوں کے تھپڑ رسید کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’تم تحریک انصاف کو مائنس کرتے رہے لیکن عوام ضرب دیتی رہی اب مخالفین کو کافی عرصے تک مروڑ کی تکلیف رہے گی لہٰذا تحریک انصاف ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے اب خواب خرگوش سے جاگ جائیں‘۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چوروں، کرپٹ اور منافقین کی خیبرپختونخوا کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں رہی اور مولانا فضل الرحمان بھی اپنی سیاسی تدفین کا انتظام کر لیں کیوں کہ خیبر پختونخوا کی عوام نے ان کی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا مولانا کی منافقت سے بھرپور سیاست کی نماز جنازہ پشاور اور حویلیاں میں پڑھا دی گئی ہے جب کہ تحریک انصاف یقینی بنائے گی کہ سیاسی مداریوں کی نماز جنازہ ہر جگہ پڑھائی جائے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے حکومتی مظالم کے باوجود اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھنے پر تحریک انصاف کے انقلابی ورکرز اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی قانونی و سیاسی جنگ جاری رکھے گی اور عمران خان جلد ہمارے درمیان ہوں گے۔
انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تحریک انصاف کے انقلابیو، ظلم اور بدمعاشی کی سیاہ رات چھٹنے والی ہے اور حقیقی آزادی کا سورج طلوع ہو رہا ہے بس تھوڑا صبر و حوصلہ رکھیں‘۔