وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی حکومت اور کمپنیوں کو زراعت، کان کنی، آئی ٹی، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم سے سعودی عرب کے نائب وزیر برائے خارجہ امور ولید عبدالکریم الخیرجی نے منگل کو وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفد میں سعودی نائب وزیر خارجہ امور کے ساتھ توانائی، صحت، ماحولیات اور زراعت، صنعت اور معدنی وسائل، سرمایہ کاری کی سعودی وزارتوں کے ارکان بھی شامل تھے۔
مزید پڑھیں
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور مملکت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی قیادت کو مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے خاص طور پر سیلاب کے دوران پاکستان کی بروقت مالی امداد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور ملک میں میکرو اکنامک استحکام حاصل کرنے کی کوششوں میں پاکستان کی مدد کرنے میں سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا قیام خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک بالخصوص مملکت سعودی عرب کی ممکنہ سرمایہ کاری کو آسان اور تیز تر بنائے گا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں مملکت کی سنجیدہ دلچسپی کو سراہا۔
ملاقات کے بعد کہا گیا ہے کہ سعودی وفد کا دورہ دونوں طرف سے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو ٹھوس اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے گہری دلچسپی اور آمادگی کا اظہار کرتا ہے۔
’یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کو مزید بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ دوطرفہ تعلقات کی ایک دیرینہ تاریخ ہے جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی اور باہمی تعاون کی لازوال روایت پر مشتمل ہے‘۔