کراچی ڈیفنس میں نوجوان کا قتل: 9 سال بعد فریقین کے مابین سمجھوتہ، سندھ ہائیکورٹ کا ملزمان کو بری کرنے کا حکم

جمعرات 10 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی ڈیفنس میں پولیس افسر کے بیٹے کے خلاف نوجوان کے قتل کا مقدمہ فریقین کے درمیان ہونے والے سمجھوتے پر اختتام پذیر ہو گیا، سندھ ہائیکورٹ نے سلمان ابڑو سمیت مقدمے میں نامزد تمام دیگر ملزمان کو بری کر دیا۔

جمعرات کے روز سندھ ہائیکورٹ میں کراچی ڈیفنس میں نوجوان سلیمان لاشاری کے قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے آغاز پر پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مدعی مقدمہ نے پولیس اہلکار کے بیٹے(سلمان ابڑو) کو معاف کر دیا ہے، عدالت نے فریقین کو سننے کے بعد مقدمہ خارج کرتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ کراچی ڈیفنس میں پولیس افسر کے بیٹے سلمان ابڑو نے ساتھیوں کے ہمراہ 8 مئی 2014ء کو او لیول کے طالب علم سلیمان لاشاری کوقتل کیا تھا، قتل کا مقدمہ سلمان ابڑو اور ان کے ساتھیوں کے خلاف کراچی کے درخشاں تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے گزشتہ سال سلمان ابڑو کو مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال قید اور 50 ہزار جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ عدالت نے قتل کیس میں ملوث پولیس اہلکاروں ارشد، یاسین، مقبول، عمران کو بھی عمر قید اور ایک ایک لاکھ روپنے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

ملزمان نے انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کے خلاف سندھ  ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp