پاکستانیوں نے سوشل میڈیا پر 14 اگست سے متعلق پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔ جشن آزادی کے موقع پر عوام نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ 14 اگست نہیں منانا چاہتے وہ پاکستانی نہیں۔
عوام کی بڑی تعداد نے سیاسی بنیادوں پر یومِ آزادی کے نام نہاد بائیکاٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا دل پاکستانی ہے اور وہ بھی پاکستانی ہیں۔
عوام کا موقف ہے کہ اس سال پاکستان کے معاشی حالات بہت خراب رہے لیکن ہم مشکل وقت سے نکل آئے ہیں اس لیے پورے جوش و خروش کے ساتھ جشن آزادی منائیں گے۔ پاکستان کے حالات جتنے بھی خراب ہوں ہمارے دلوں سے پاکستان کی محبت کبھی ختم نہیں ہوسکتی۔
عوام کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں چاہے جتنی بھی کوشش کرلیں پاکستانیوں کو الگ کرنے کی لیکن ہم پھر بھی اتفاق اور جوش و خروش سے جشن آزادی منائیں گے۔ سیاسی جماعتیں اپنے فائدے کی جنگ میں لگی ہیں پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ ملک و قوم کی خاطر کام کریں۔
نوجوانوں نے بھی ایک عوامی سروے میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حالات خواہ کچھ بھی ہوں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کا فرض بنتا ہے کہ جشن آزادی پورے جوش و جذبے سے منایا جائے۔