ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 8 کے افتتاحی میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دے دی۔
ملتان سلطانز نے ٹاسک جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، نتیجتاً لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطان کو 176 رنز کا ہدف دیا ۔
ملتان سلطان 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 174 رنز بنا سکی۔ اور ایک رن کی دوری سے ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ پر 12 اعشاریہ 2 اوورز میں 100 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ کو تقریباً یکطرفہ کردیا تاہم لاہور قلندرز کے بولرز نے ہمت نہ ہاری۔
شان مسعود 100 کے مجموعے پر 35 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، 131 کے اسکور پر لاہور قلندرز کو بڑی وکٹ مل گئی، 50 گیندوں پر 75 رنز بناکر محمد رضوان میدان چھوڑ گئے۔
19ویں اوور کی پہلی گیند پر ڈیوڈ ملر 25 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوئے تو میچ ملتان سلطانز کے ہاتھوں سے نکلنا شروع ہوگیا۔
آخری اوور کی دوسری گیند پر کیرون پولارڈ 20 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے تو لاہور قلندرز کی جیت کی امیدیں روشن ہوگئیں، اگلی ہی گیند پر عثمان خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
آخری 2 گیندوں پر ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 10 درکار تھے، لیکن خوشدل شاہ ان دونوں گیندوں پر صرف باؤنڈری ہی لگاسکے اور یوں میزبان ٹیم صرف 1 رن سے شکست کھا گئی۔
لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی، حسین طلعت، زمان خان اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 176 رنز کا ہدف دیا تھا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 175 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی اوپننگ جوڑی پہلے ہی میچ میں چل گئی۔ فخر زمان اور مرزا طاہر بیگ کی صورت میں اولین بلے بازوں نے 61 رنز کی شراکت قائم کی۔
طاہر بیگ 26 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے اس دوران 5 چوکے لگائے، انہیں اکیل حسین نے پویلین کی راہ دکھائی۔
فخر زمان نے 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے کل 66 رنز بنانے کے بعد اسامہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے شائے ہوپ نے 19 اور طلعت حسین نے 20 رنز بنائے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹر ڈیوڈ ویسا تھے جو صرف 5 رنز ہی بناسکے۔
دفاعی چیمپئن کے سکندر رضا نے 14 گیندوں پر 19 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی۔
ملتان سلطانز کی طرف سے احسان اللّٰہ اور اُسامہ میر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہنواز ڈھانی اور اکیل حسین نے لاہور قلندرز کے 1، 1 کھلاڑی کو میدان سے واپسی کی راہ دکھائی۔
میچ میں بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر لاہور قلندرز کے فخر زمان کو مین آف دا میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔