کہتے ہیں کہ قسمت خراب ہو تو اونٹ پر بیٹھے انسان کو بھی کتا کاٹ لیتا ہے۔ کچھ ایسا ہی امریکی ریاست ٹیکساس کی ایک خاتون پیگی جونز کے ساتھ ہوا۔ وہ اپنے گھر کے وسیع و عریض لان میں چہل قدمی کر رہی تھیں کہ اچانک ان پر کوئی چیز آن گری، جس نے خاتون کے دائیں بازو پر گرتے ہی کاٹ کھایا۔
ابھی خاتون اس سانپ سے نجات حاصل کرنے کی کوشش ہی کر رہی تھیں کہ ایک باز سانپ پر جھپٹ پڑا، اس نے سانپ کو قابو کرنے کی جدوجہد میں خاتون کے بازو کو بھی کاٹ کھایا اور لہولہان کردیا۔
دراصل باز سانپ کو اپنے پنجوں میں دبوچے اڑ رہا تھا کہ اچانک پنجوں کی گرفت ڈھیلی پڑی اور سانپ چھوٹ کر نیچے خاتون پر گرا۔
باز کب سانپ کو اس طرح بچ نکلنے کا موقع دے سکتا تھا چنانچہ وہ نہایت تیزی سے اس کے پیچھے جھپٹا، اس وقت تک سانپ خاتون کے بازو پر گر کر کاٹ چکا تھا، جب باز اس پر جھپٹا تو اس نے اپنی تیز نوکیلی چونچ اور پنجوں سے سانپ کو پکڑنا چاہا لیکن اسی دوران خاتون کا بازو بھی نشانہ بن گیا اور لہولہان ہوگیا۔
خاتون کا کہنا ہے’ سانپ نے میرے چہرے پر بھی حملہ کیا، میری عینک کے شیشوں پر بار بار حملہ کیا۔ پھر جب باز جھپٹا تو اس نے نہ صرف سانپ بلکہ میرے بازو پر بھی پنجے گاڑ لیے۔ اور پھر اسی انداز میں اڑنے کی کوشش کرنے لگا۔ ناکامی پر باز نے سانپ کو میرے بازو سے الگ کرنا چاہا۔ اوروہ کامیاب ہوگیا‘۔ بعدازاں خاتون کے شوہر بیوی کو ہسپتال لے گئے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکساس کے دیہاتی علاقے میں رہتی ہیں، اس لیے ان کےلیےایسے واقعات حیران کن نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ لان میں کھڑے ہوکر باز کو دیکھ رہی تھیں جو پنجوں میں سانپ کو جکڑے اڑ رہا تھا۔ وہ دیکھنا چاہ رہی تھیں کہ باز سانپ کو کیسے مارے گا۔ وہ کہتی ہیں کہ اس واقعے کے بعد ان کی نیند ڈسٹرب ہوگئی ہے، وہ اس واقعے کو کبھی نہیں بھول پائیں گی۔