کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں گاڑیوں کے شورومز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کر دیا ہے، جب کہ شورومز مالکان نے سخت احتجاج کی دھمکی دی ہے۔
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) کے چیئرمین کے احکامات کی روشنی میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں واقع قریباً 117 شورمز سیل کر دیے ہیں۔
’ سی ڈی اے‘ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی مختلف عمارتوں اور دکانوں خاص کر کے گاڑیوں کے شورومز مالکان کو اشتہارات کے ذریعے متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ تجاوزات نا بنائیں اور اپنی جائیداد کے غیر منقولہ استعمال کی اجازت نہ دیں۔
واضح رہے کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں گاڑیوں کا کاروبار کرنے والے شو رومز کے مالکان نہ صرف مختلف بازاروں میں پارکنگ کی جگہ پر قبضہ کر رہے ہیں بلکہ پیدل چلنے والوں کے لیے بھی مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) کے اس مؤقف پر شورومز کے مالکان کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کی طرف سے اس طرح کی کاروائیاں معمول بن گئی ہیں جس کی وجہ سے ان کا کاروبار بند ہو کر رہ گیا ہے۔
شورومز مالکان سی ڈی اے کے اس اقدام کے خلاف احتجاج کی کال دینے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ شورومز مالکان نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے شورومز کو کھولنے کی اجازت دے اس سے ان کا روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ ’ سی ڈی اے ‘ کی طرف سے اس وقت تک سیکٹر ایف 10، بلیو ایریا، جی 8 میں مختلف شورومز کو سیل کر دیا گیا ہے جن میں دانش موٹرز، مکہ موٹرز، آٹو کاراِنز، جہانگیر موٹرز اور دیگر درجنوں شو رومز شامل ہیں۔