9 مئی کو احتجاج کا اعتراف کرتا ہوں، پی ٹی آئی رہنما راجہ اظہر

منگل 22 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی کراچی کی عدالت نے رہنما تحریک انصاف راجہ اظہر کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

عدالتی استفسار پر راجہ اظہر نے بتایا کہ پولیس نے انہیں کسی قسم کے تشدد کا نشانہ نہیں بنایا۔

پولیس نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ملزم کو ٹیپو سلطان تھانے میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے، ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شارع فیصل پر ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہے، مزید تفتیش کے لیے 14 دن کا ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے راجہ اظہر کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس سے کیس سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

سماعت کے بعد میڈیا سےغیررسمی گفتگومیں راجہ اظہرکا کہنا تھا کہ عمران خان کی محبت دل سے کوئی نہیں نکال سکتا۔ اعتراف کرتا ہوں کہ 9 مئی کو احتجاج کیا تھا۔

’جہاں عمران خان کھڑا ہے وہاں میں کھڑا ہوں، شرجیل انعام میمن کو چیلنج کرتا ہوں کہ ثابت کرے بس پر آگ لگی، یہاں شراب کو شہد بنا دیا جاتا ہے۔‘

راجہ اظہر کا مزید کہنا تھا کہ ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالا جارہا، اللہ تعالیٰ بہتر کرے گا، یہ ایمان ہے جو بھی ہوگا بہتر ہوگا۔

’عمران اسماعیل اور اکرم چیمہ نے اپنا جواب خود دیا، انسان کا ایمان مضبوط ہونا چاہیے، کوئی ایسی بات نہیں ہے اور مجھ پر کوئی پریشر نہیں ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp