جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 فوجی جوان شہید جبکہ 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کے روز جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے، دوسری طرف دہشتگردوں کی فائرنگ سے 6 فوجی جوان شہید ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور بہادر سپاہیوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کا اظہار افسوس
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے پر پاک فوج کے شہید جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ ہمارے بہادر جوان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نبرد آزما ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے، ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف عزم کو غیر متزلزل نہیں کر سکتے۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی پر مامور جوان ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی، تعزیت کا اظہار کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے دعا بھی کی۔