اُستاد اور شاگرد کا رشتہ ایک ایسا رشتہ ہے جو انسان کی زندگی کے لیے نہایت اہم ہوتا ہے، یہ ایک فرد کی زندگی پر اچھے اثرات بھی مرتب کرسکتا ہے اور برے بھی۔ الغرضیکہ استاد اپنے شاگرد کی زندگی کو مکمل طور پر بدل سکتا ہے۔ اسی موضوع کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض بالی وڈ فلمیں بنائی گئی ہیں۔ ان فلموں نے ناظرین کو بہت حد تک متاثر کیا ہے۔ یہ کون سی فلمیں ہیں؟ آئیے! ان کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں:
1۔ تارے زمین پر:
2007 میں ریلیز ہونے والی عامر خان کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ’تارے زمین پر‘ آج بھی مداحوں کے دلوں اور ذہنوں میں زندہ ہے۔ خاص طور پہ اس لیے کہ اس فلم میں عامر خان ایک اُستاد کے کردار میں نظر آرہے ہیں اور ایک ایسے شاگرد کی زندگی بدل دیتے ہیں جس کو ڈیسلیکسیا ہوتا ہے۔ اس وجہ سے درشیل ( شاگرد ) پڑھائی لکھائی نہیں کر پاتا لیکن استاد (عامر خان) کی وجہ سے اس کے اندر پھر سے پڑھنے لکھنے اور جینے کی امنگ جاگتی ہے۔
2۔ سپر تھرٹی:
بالی وڈ سپر سٹار ریتک روشن کی فلم ’سپر تھرٹی‘ کا موضوع بھی اُستاد اور طلبا کے باہمی تعلق ہی کا ہے۔ اس فلم میں ریتک روشن ریاضی کے اُستاد ہوتے ہیں جو پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلبا کو آئی آئی ٹی کا امتحان پاس کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
3۔ ہچکی:
بالی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی کی فلم ’ہچکی‘ بھی ایک استانی کے کردار پر بنی ہوئی ہے جسے ٹورٹ سنڈروم ہوتا ہے۔ اس بیماری کے باوجود رانی مکھرجی پسماندہ طلباء کو دل سے پڑھاتی لکھاتی ہے۔ فلم میں 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔
4۔ بلیک:
بالی وڈ کے مشہور زمانہ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی بنائی ہوئی فلم ’بلیک‘ اپنے وقت کی بلاک بسٹر فلم ثابت ہوئی تھی۔
رانی مکھرجی کی یہ فلم ایک ایسی لڑکی پہ بنی ہوئی ہے جو نہ دیکھ سکتی ہے نہ سُن سکتی ہے، اور اس کا اُستاد ( امتیابھ بچن) اس کی مدد کر کے اس کو ایک پڑھا لکھا طالب علم بناتا ہے۔