یکم ستمبر 2023 تک ملک کے پاس کل مائع غیر ملکی ذخائر 13,126.7 ملین امریکی ڈالر تھے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق غیر ملکی ذخائر کی پوزیشن کچھ اس طرح ہے کہ اسٹیٹ بینک کے پاس غیر ملکی ذخائر 7,779.3 ملین امریکی ڈالر، کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص غیر ملکی ذخائر 5,347.4 ملین امریکی ڈالر جبکہ کل مائع غیر ملکی ذخائر13,126.7 ملین ڈالر ہیں۔
بینک دولت پاکستان نے بتایا کہ یکم ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قرض کی ادائیگیوں کی وجہ سے اسٹیٹ بینک کے ذخائر 70 ملین امریکی ڈالر کم ہو کر 7,779.3 ملین امریکی ڈالر رہ گئے۔
ایکسچینج کمپنیوں کے لیے بنیادی اصلاحات متعارف
دریں اثنا بینک دولت پاکستان نے ایکسچینج کمپنیوں کے شعبے میں بنیادی اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت زر مبادلہ کے حوالے سے عوام کو سہولت کی فراہمی بھی شامل ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بینکس مذکورہ اصلاحات میں یہ بات بھی شامل ہے کہ زرِ مبادلہ کا کاروبار کرنے والے صف اول کے بینک عوام کی زرِ مبادلہ کی جائز ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنی ملکیت میں ایکسچینج کمپنیاں بنا سکیں گے اور موجودہ ایکسچینج کمپنیوں کی مختلف اقسام اور ان کی فرنچائز شاخوں کو یکجا کرکے انہیں ایکسچینج کمپنیوں کے واحد زمرے میں تبدیل کردیا جائے گا جس کا ایک مقررہ دائرہ کار ہوگا۔
ان اصلاحات کا مقصد عوام کو خدمات کی بہتر فراہمی اور ایکسچینج کمپنیوں کے شعبے میں مسابقت اور شفافیت لانا ہے۔ اس طرح اس شعبے میں گورننس، داخلی جانچ پڑتال اور ضابطوں کی تعمیل کی روایت مضبوط ہونے کی امید ہے۔