راولپنڈی بنی چوک کھابوں کے حوالے سے خاصا مقبول ہے، اور اسی مقام پر تیار ہونے والا منفرد گولا گنڈا شہریوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ روزانہ تقریباً 4 سے 5 ہزار لوگ خاص طور پر یہاں گولہ گنڈا کھانے آتے ہیں۔
شہریوں کے مطابق اس کی ترکیب کا منفرد انداز ہی اس کی خاص بات ہے۔
گولے پر کھویا، جتنا سننے میں لذیذ ہے اس سے کہیں زیادہ اس کا ذائقہ لذیذ ہے۔ اور جب اس پر گھر میں بنے شربت کا چھڑکاؤ ہوتا ہے تو یہ گولا گنڈا کھانے والے بار بار آتے ہیں۔
دکان کے مالک کا کہنا ہے کہ کھویا اور اس کے اوپر ڈالا جانے والا شربت گھر پر خود تیار کیا جاتا ہے۔ یہ گولا گنڈا کے ذائقہ کو دوگنا کرتا ہے ورنہ عام دکاندار برف کے اوپر مارکیٹ سے ملنے والا عام سا شربت ڈال کر ہی دے دیتے ہیں جس میں مختلف کیمیکلز ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے دکان پر پوری کی پوری فیملیز آتی ہیں اور جو ایک بار آتا ہے وہ اپنے ساتھ پھر مزید لوگوں کو ہی لے کر آتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بنی چوک راولپنڈی کا تاریخی مقام ہے۔ پپو گولا گنڈا بھی تاریخی ہے کیونکہ اس کی خالص کوالٹی ہی اس کی خاصیت ہے۔