ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیاں، چینی اب کس قیمت پر فروخت ہو رہی ہے؟

منگل 12 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ڈالر، چینی، کھاد اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، حکومتی اقدامات کے بعد روپے کی قدر میں اضافہ ہوا اور ڈالر اوپن مارکیٹ میں 30 روپے سستا ہوا، اب چینی کی قیمت جو کہ 10 دن قبل 200 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی تھی اب کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔

حکومتی احکامات پر ملک بھر کی ضلعی انتظامیہ نے چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اور چینی کی 54 ہزار سے زائد 50 کلو والی بوریاں مختلف گوداموں سے قبضے میں لے لی گئی ہیں جبکہ متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ حکومتی کارروائیوں سے چینی کی قیمت میں 20 روپے فی کلو تک کی کمی کی جا چکی ہے جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں بھی چینی کے 50 کلو کے تھیلے پر ایک ہزار روپے سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے۔

ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ تو جاری ہے، تاہم اب بھی ملک کے مختلف علاقوں میں چینی 155 روپے فی کلو سے 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہم نے ہول سیل مارکیٹ سے مہنگی چینی خریدی ہوئی ہے، ایک دم سے 20 سے 30 روپے فی کلو کمی نہیں کر سکتے۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں چینی کی ہول سیل مارکیٹ میں قیمت میں ایک ہزار روپے سے زیادہ کمی آ گئی ہے تاہم دکانوں پر اب بھی چینی کی قیمت میں زیادہ کمی نہیں کی گئی، راولپنڈی اور اسلام آباد میں چینی 170 سے 175 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی 50 کلو کی بوری کی قیمت 9 ہزار سے کم ہو کر 7 ہزار 800 روپے ہو گئی ہے۔

لاہور میں سب سے کم قیمت پر چینی فروخت

پاکستان میں سب سے کم قیمت پر چینی اس وقت لاہور میں فروخت ہو رہی ہے، لاہور میں چینی کی فی کلو قیمت 155 روپے تک ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی 145 سے 150 روپے تک میں فروخت ہو رہی ہے۔ لاہور میں چینی کی قیمت 175 روپے سے کم ہو کر 155 روپے ہوگئی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں چینی کی قیمت میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے، گزشتہ ہفتے پشاور کی بیشتر دکانوں میں چینی 180 روپے فی کلو فروخت ہورہی تھی تاہم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں کے بعد اب چینی کی قیمت 165 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی 50 کلو بوری کی قیمت 7 ہزار 800 روپے ہوگئی ہے، اس سے قبل بوری کی قیمت 9 ہزار کے قریب تک پہنچ گئی تھی۔

کراچی میں بھی چینی کی قیمت میں کمی

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، کراچی کے ہول سیل جوڑیا بازار میں 50 کلو بوری 7 ہزار 750 روپے کی ہوگئی ہے، ہول سیل میں فی کلو چینی کی قیمت 155 روپے فی کلو ہوگئی ہے جبکہ کراچی میں موجود شوگر ملز کے مطابق ایکس مل چینی کی قیمت 153 روپے فی کلو ہوگئی ہے، کراچی کے مختلف علاقوں کی ریٹیل دکانوں پر چینی 160 سے 165 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

صوبہ بلوچستان میں چینی کی قیمت ریکارڈ 220 روپے فی کلو سے کم ہو کر 190 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 8 ہزار 500 ہے جو کہ گزشتہ ہفتے 9 ہزار 700 سے تجاوز کر گئی تھی۔

ملک بھر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں جاری

ملک بھر میں چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اسسٹنٹ کمشنر فیصل آباد نے سلونی جھال کے قریب ایک گودام پر چھاپہ مار کر چینی کے 300 سے زیادہ تھیلے برآمد کر کے گودام کے احاطے کو سیل کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ ڈی آئی خان کے درابند روڈ پر واقع گوداموں سے 311 ٹن چینی کے تھیلے برآمد کر کے اسے اگلے احکامات تک سیل کر دیا۔ اسی طرح ایک اور چھاپے میں مریالی سپر اسٹور سے ذخیرہ شدہ چینی کے 650 تھیلے پکڑے گئے۔

پنجاب کے ضلع چکوال، تلہ گنگ اور لاوہ کے مختلف علاقوں میں مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں ذخیرہ کی گئی 13 ہزار چینی کی بوریاں برآمد کی گئی ہیں، جہلم کے روہتاس روڈ اور جی ٹی ایس چوک میں چینی کے گوداموں پر چھاپے مارے گئے اور 1600 تھیلے برآمد کر کے 2 گودام سیل کردیے گئے۔

حکومتی اقدامات کی وجہ سے قیمتوں میں کمی واقع ہو رہی ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp