ٹریفک قوانین کی پابندی کروانے کے لیے پشاور میں تعینات ٹریفک وارڈن کو بظاہر ایک جذباتی لمحہ کا شکار ہونا معطلی اور محکمانہ کارروائی کا نشانہ بنا گیا۔
’رانگ وے‘ پر آتے فرد کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر روک کر چالان کرنے والے وارڈن نے بظاہر تو قانون کی خلاف ورزی پر دوسرے کو سزا دی لیکن نام بگاڑنے پر خود بھی سزا سے بچ نہ سکا۔
وی نیوز کو دستیاب چیف ٹریفک آفیسر پشاور کے دفتر سے جاری حکمنامے کے مطابق ’ایس آئی رومان شاہ 151 انچارج سٹی کو معطل کرکے لائن حاضر کر دیا گیا ہے۔‘
سرکاری ہدایت نامے کے مطابق رومان شاہ کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
چیف ٹریفک پولیس آفیسر کے حکمانے اور چالان کی رسید سے واضح ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار رومان شاہ نے چالان کرتے ہوئے جو رسید جاری کی اس پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کے نام کی جگہ گالی لکھی ہوئی ہے۔
رومان شاہ کی جانب سے جاری کردہ رسید ٹریفک پولیس کے کمپیوٹرائزڈ سسٹم کی ہے۔ اس رسید کی تفصیل پولیس کے مرکزی نظام میں بھی محفوظ ہوتی ہے۔
چالان کی رسید میں جرمانے کی رقم 100 روپے کے ساتھ خلاف ورزی کا کوڈ نمبر اور 17 روپے کی سروس فیس بھی درج کی گئی ہے۔