الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر مملکت کی جانب سے لکھے جانے والے خط کے بعد کل اجلاس بلائے جانے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اجلاس طلب کرنے کی خبریں درست نہیں، ابھی تک کوئی اجلاس بلایا گیا اور نا ہی لیگل ٹیم کو کسی قسم کی مشاورت کے لیے بلایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں صدر مملکت عارف علوی نے عام انتخابات کے لیے 6 نومبر کی تاریخ تجویز کردی
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ کر عام انتخابات 6 نومبر کو کرانے کی تجویز دی ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ چونکہ چاروں صوبائی حکومتوں کا خیال ہے کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، اس لیے ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کیا جائے۔
صدر کے خط لکھنے کے بعد میڈیا پر خبریں سامنے آئی تھیں کہ الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر اپنا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے اجلاس بلا لیا ہے، اب الیکشن کمیشن کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ ابھی تک ایسا کوئی اجلاس نہیں بلایا گیا۔