پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا پہلا اجلاس کراچی میں ہوا اور دوسرا اجلاس آج لاہور میں ہونے جا رہا ہے جس میں پارٹی کے سی ای سی کے ممبرز شریک ہوں گے، اجلاس کی صدرات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کریں گے ۔
پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں ملک میں 90 دن کے اندر الیکشن کے حوالے سے تجاویز لی جائیں گی اور صدر عارف علوی کی طرف سے الیکشن کی تاریخ دینے پر پیپلزپارٹی کا کیا مؤقف ہونا چاہیے، اس پر بھی بحث کی جائے گی۔
مردم شماری کے بغیر الیکشن ہوئے تو اس کے کیا نتائج ہوں گے؟ اس پر اجلاس میں پارٹی ممبران سے تجاویز لی جائیں گی، جی ڈی اے سندھ میں ن لیگ کے ساتھ اتحاد میں جا رہی ہے اس حوالے سے کیا حکمت عملی اپنانی چاہیے؟ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اس پر بھی سوچ بچار کرنے کے لیے آج سی ای سی اجلاس میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے دوران پنجاب میں کن کن شہروں میں جائیں گے؟ اس کا فیصلہ بھی آج کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نیر بخاری نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج کا سی ای سی کا اجلاس بہت اہم ہے، آج پیپلزپارٹی ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر اپنا فیصلہ کرے گی۔
نیر بخاری نے کہا کہ اگر ملک میں الیکشن 90 دن میں نہیں ہو سکتے تو جنوری یا فروری میں ہونے چاہئیں، الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے پیپلزپارٹی اپنے سنئیر ممبرز سے مشاورت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ سے آئین و قانون کی بالادستی چاہتی ہے، ن لیگ کا ملک میں الیکشن کروانے کے حوالے سے اپنا الگ مؤقف ہے اور پیپلزپارٹی اپنا علیحدہ مؤقف رکھتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں ملک میں جلد ازجلد انتخابات ہوں تاکہ ملکی سیاسی صورتحال بہتر ہو سکے۔
بلاول بھٹو پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے ؟
نیر بخاری نے وی نیوز کو بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ پنجاب 4 سے 5 روز تک ہو سکتا ہے لیکن ابھی اس کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، آج کے اجلاس میں طے ہو گا کہ بلاول بھٹو زرداری کتنے دن یہاں(پنجاب) میں قیام کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ آصف علی زرداری کے پنجاب میں قیام کے حوالے سے بھی ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، اگر بلاول بھٹو زرداری کا پنجاب میں قیام زیادہ ہوا تو وہ پنجاب کے مختلف اضلاع کے دورے کے دوران پارٹی کے لوگوں سے ملاقاتیں کریں گے اور پارٹی کا منشورگھر گھر پہنچائیں گے۔
نواز شریف کی واپسی اور پیپلز پارٹی کے سی ای سی اجلاس کا آپس میں تعلق
نیر بخاری نے کہا کہ نواز شریف کی آمد اور ہمارے (پیپلز پارٹی) سی ای سی اجلاس کو ایک ساتھ لینا ٹھیک نہیں ہے کیونکہ پیپلزپارٹی کا سی ای سی کا اجلاس پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت لاہور میں ہو رہا ہے جبکہ نواز شریف کی وطن واپسی کا اعلان چند دن پہلے ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی پاکستان واپسی کتنی سود مند ثابت ہوتی ہے یہ تو ان کی جماعت ہی بتا سکتی ہے، پیپلزپارٹی کا ایک ہی مؤقف ہے کہ کوئی آئے کوئی جائے لیکن آئین اور قانون کو دیکھتے ہوئے تمام کام ہونے چاہئیں، ہم ملک میں الیکشن چاہتے ہیں اور یہی ہمارا مطالبہ رہے گا۔