پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف بحرانوں کی تاریک رات میں گھرے ہوئے پاکستان کی بہتری کے لیے وطن واپس تشریف لا رہے ہیں۔
پارٹی کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ پاکستان کا بیٹا ایک بار پھر قوم اور وطن کو مشکلات سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنے آرہا ہے، نوازشریف اپنے ریلیف کے لیے نہیں بلکہ قوم کو مہنگائی، معاشی بدحالی اور لاقانونیت کی تکلیف سے نجات دلانے آرہے ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ ہمارا ایجنڈا انتقام نہیں، اتحاد، امن، معاشی ترقی اور غریبوں کو مہنگائی سے نجات ہے، نوازشریف اسی ایجنڈے پر کام کریں گے۔
A meeting of former PML-N members of the National Assembly (MNAs), Provincial Assembly (MPAs), and party ticket holders was held under the chairmanship of Maryam Nawaz Sharif to finalize the arrangements for the welcome of Nawaz Sharif. They are all eager to welcome Quaid Nawaz… pic.twitter.com/NUotirEtcS
— PML-N Digital (@pmlndigitalpk) September 14, 2023
’عوام نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں، وعدہ ہے معاشی بدحالی، مہنگائی، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لیے ختم کردیں گے‘۔
مریم نواز نے کہاکہ 3 دفعہ عوام نے نوازشریف پر اعتماد کیا، انہیں وزیراعظم بنا کر ملک کی خدمت کا موقع دیا، نواز شریف نے ہمیشہ عوام سے کیے ہر وعدے کو پورا کیا۔
چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہاکہ نواز شریف ہمیشہ عوام کے اعتماد پر پورا اترے اور ہر بار وطن عزیز کو بدترین بحرانوں سے نکالا، ایک بار پھر ایسا ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ ہر غم سہہ کر بھی نوازشریف کی ترجیح آج بھی عوام اور ملک کی ترقی وخوشحالی ہے، ملک کو انتقام نہیں، اتحاد، امن،معاشی ترقی ، غریبوں کو مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے، نوازشریف اسی ایجنڈے پر کام کریں گے۔
نواز شریف کو ہمیشہ خساروں میں گھرا ملک ملا
ان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے نوازشریف کو ہمیشہ بحرانوں، طوفانوں اور خساروں میں گھرا ملک ملا، اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسے، محنت اور خلوص نیت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ طوفانوں کا منہ پھیرا ہے، نئی امید دی ہے، پاکستان اور عوام کو ریلیف دیا ہے۔
چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہاکہ یہ وہی نوازشریف ہے جس نے 2013 میں جب ملک سنبھالاتھا تو لوڈشیڈنگ، دہشت گردی اور معاشی بدحالی قوم کا لہو بہا رہی تھی، پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر نوازشریف نے متحد کیا۔
مریم نواز نے کہاکہ نواز شریف نے مہنگائی کی کمر توڑی، پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 6.1 فیصد کی، ن لیگ کے دور میں پاکستان پورے خطے میں سب سے تیز ترین معاشی ترقی کررہا تھا۔
نواز شریف عوام کے معاشی دکھ دور کریں گے
انہوں نے کہاکہ عوام چالبازوں، فراڈیوں، جھوٹوں اور توشہ خانہ چوروں کے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں، اور نواز شریف کو دو تہائی اکثریت دی جائے تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکے۔
مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف عوام کے معاشی دُکھ دور کردیں گے، مہنگے بجلی کے بلوں سے قوم کو نجات دلائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ایک وعدہ عوام پورا کرے، دوسرا وعدہ سچ کر دکھانے کی ذمہ داری ہم لیتے ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ 21 اکتوبر پاکستان کی سیاسی وجمہوری تاریخ کا ایک روشن باب بنے گا، پاکستان کو ترقی کا گہوارہ بنانے کے لیے ہم سب نے تاریخی جذبے سے کام کرنا ہے۔