جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی جنرل سیکریٹری مولانا غفور حیدری نے اعلان کیا ہے کہ جے یو آئی مستونگ میں حافظ حمد اللہ کے قافلے پر بم حملے کے خلاف احتجاج کے طور پر کوئٹہ میں جمعے کو شٹرڈاؤن ہڑتال کرے گی۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غفور حیدری نے کہا کہ حافظ حمداللہ پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ کیا گیا تاہم وہ اور ان کے ساتھی محفوظ رہے۔
انہوں نے کہا کہ مستونگ واقعہ جمیعت کے قائدین پر حملے کا تسلسل ہے اور اس سے قبل مولانا فضل الرحمان پر بھی 3 خودکش حملے ہوچکے ہیں۔
مولانا غفور حیدری کا کہنا تھا کہ ماضی میں جمعیت کے درجنوں علما کو شہید کیا گیا اور باجوڑ میں بھی 80 سے زائد علما و کارکنان شہید ہوئے۔
جے یو آئی رہنما نے کہا کہ وہ ان قوتوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جمیعت علمائے اسلام ان شہیدوں کی جماعت ہے جنہوں نے انگریزوں کو خطے سے بھگایا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ بڑی جرات کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نہ اپنے نظریے اور نہ ہی حوصلے سے پیچھے ہٹنے کو تیار ہیں۔
مولانا غفور حیدری کا کہنا تھا کہ ان حملوں کے پیچھے وہ قوتیں ہیں جو عمران خان کو حکومت کو لانے میں ملوث تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو امریکا، اسرائیل، بھارت سمیت دیگر عالمی قوتیں اقتدار میں لانے میں کامیاب ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سی پیک سے جو فائدہ اٹھانا تھا وہ نہیں اٹھا سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی طاقتیں پاکستان میں انتشار پیدا کرنے چاہتی ہیں لیکن ہم ریاست کے ساتھ ہیں اور ہم پر حملہ ریاست پر حملہ ہے۔