اسپیشل بینکنگ کورٹ کراچی نے نیب کی درخواست پر ایم 6 حیدر آباد سکھر موٹروے میں 3 ارب روپے کی کرپشن کا مقدمہ احتساب عدالت حیدر آباد منتقلی کی درخواست منظور کرلی ہے۔
عدالت نے نیب کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کیس کا تمام ریکارڈ احتساب عدالت حیدر آباد بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
نیب نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ قومی خزانے کو 3 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ملزمان سے پلی بارگین کے ذریعے رقم نکلوالی جا سکتی ہے۔ اسپیشل پراسکیوٹر کا کہنا تھا کہ احتساب آرڈیننس کے تحت یہ کیس نیب کا بنتا ہے۔
ملزمان کے وکلاء کی جانب سے مقدمہ نیب کو منتقل کرنے کی مخالفت کی گئی تھی۔
نیب کے مطابق مقدمے میں سابق ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز سمیت دیگر نامزد ہیں۔ ملزمان پر 3 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے۔