بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ کے مضافاتی علاقے میں لاوارث ٹرک سے 18 افغان باشندوں کی لاشیں ملنے کے ایک روز بعد واقعے میں ملوث 7 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ کا سرغنہ بھی گرفتار ہونے والوں شامل ہے۔ جسے پہلے بھی انسانی اسمگلنگ کے جرم میں 5 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ ٹرک لکڑی کے تختوں کے نیچے چھپے 52 افراد کو سرحد پار لے جا رہا تھا جن میں سے 18 افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان مہاجرین کی یورپ اسمگلنگ کے دوران حادثہ پیش آیا۔ بلغاریہ حکومت غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کے مسائل سے نمٹنے کے لیے کڑے اقدامات اٹھا رہا ہے۔
متاثرہ ٹرک دارالحکومت صوفیہ سے 20 کلومیٹر شمال مشرق میں لوکورسکو گاؤں کے قریب کھڑا دیکھا گیا تھا اور مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی تھی ۔
پولیس حکام موقع پر پہنچے تو دیکھا کہ ٹرک کے ارد گرد گھاس پر لاشیں بکھری پڑی تھیں۔ معلوم ہوا افغان شہریوں کا گروپ ترکیہ سے مغربی یورپ کی جانب جا رہا تھا۔
بلغاریہ حکام نے مزید بتایا کہ ٹرک میں زندہ بچ جانے والے 34 افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔