غزہ کا کیفے جو ساری دنیا میں عجب انفرادیت رکھتا ہے

بدھ 20 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطین کے شہرغزہ میں ایک ایسا کیفے ہے جسے دیکھ کے آپ کے چہرے پہ مسکراہٹ آ جائے گی۔ یہ کوئی عام کیفے نہیں ہے کہ جہاں صرف کافی اور دیگر خوراک ملتی ہو بلکہ آپ یہاں بلیوں کے ساتھ بھی وقت گزار سکتے ہیں۔ جن لوگوں کو بلیاں بہت اچھی لگتی ہیں، ساتھ کافی پینے کا شوق بھی رکھتے ہیں، ان کے لیے یہ بہترین جگہ ہے۔

غزہ کی ایک خاتون ’نہما معبد‘ کا یہ ’میاؤں کیٹ کیفے‘ شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اس کے 2 ہی خاص پہلو ہیں: کافی اور بلیاں۔

اسرائیل کی بار بار جارحیت کا نشانہ بننے والا ’غزہ‘ ایک ایسا شہر ہے جہاں لوگوں کو کم ہی خوشی کے مواقع ملتے ہیں۔ ان حالات میں اگر وہاں کے شہریوں کو کچھ خوشی اور سکون بھرے لمحات مل جائیں تو ایک طرف انہیں تفریح مل جاتی ہے اور دوسری طرف ان کی نفسیاتی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔

میاؤں کیفے، غزہ فلسطین کے منفرد کیفے میں ایک فلسطینی بچی بلی کے ساتھ کھیل رہی ہے

میاؤں کیفے میں آنے والوں میں ہر عمر کے لوگ شامل ہیں۔ یہاں بچے، بوڑھے، خواتین سب مل جل کے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ یہاں پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ آپ آئیں، کافی پئیں، بلیوں کے ساتھ بھی کھیلیں۔ یعنی ایک ٹکٹ میں 2 مزے۔

چھوٹے چھوٹے بچے اپنے گھر والوں کے ساتھ  کیفے میں آتے ہیں، انہیں بلیوں کے ساتھ کھیلنے کا وافر وقت مل جاتا ہے۔ یہاں آنے والے بلیوں کو کھانا کھلاتے ہیں۔ واضح رہے کہ کیفے میں ایک گھنٹہ تک وقت گزارنے کی فیس قریباً 2 ڈالر کے برابر ہے۔

غزہ کا میاؤں کیفے، جہاں بچے بلیوں کے ساتھ پرلطف وقت گزار رہے ہیں۔

 کیفے کی مالکن نہما معبد کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ کیفے اپنی کمائی کے لیے نہیں، بلکہ یہاں کے رہنے والے شہریوں کے لیے بنایا ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ یہاں پر جو لوگ بھی آئیں، وہ تھوڑی دیر کے لیے اپنے مسائل بھول جائیں، صرف اور صرف خوش ہی رہیں۔ یہ سب کچھ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ غزہ میں خوشی کے مواقع بہت کم آتے ہیں۔

کیفے میں آنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ جب انہیں اس میاؤں کیفے کے بارے میں پتہ چلا تو انہیں بہت خوشی ہوئی۔ چاہے لوگوں کو جتنا بھی عجیب لگے، بہرحال یہ ایک اچھا کام ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جانوروں کے ساتھ وقت گزارنے سے انسان کی نفسیات پہ اچھا اثر پڑتا ہے۔ جب حالات مشکل ہوں جیسا کہ غزہ میں ہیں، بچے ہوں یا بڑے، ان کی صحت پر اچھا اثر پڑے گا۔ اس کے نتیجے میں سٹریس اور ڈپریشن جیسی بیماریوں میں بھی کمی آجاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp