پشاور پولیس نے نمک منڈی فوڈ اسٹریٹ میں روایتی چرسی تکہ کے لیے مشہور ریسٹورنٹ کے مالک کو گرفتار کرلیا ہے، ان کیخلاف غیر ملکی سیاحوں کو مبینہ طور پر تنگ کرنے اور ان کے ساتھ فحش حرکات کرنے کے الزام میں مقدمہ بھی درج کردیا گیا ہے۔
پشاور کے مشہور نثار چرسی ریسٹورنٹ کے مالک نثار خان کے خلاف مقدمہ تھانہ شاہ قبول میں پی پی سی دفعہ 294 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق نثار خان کے ریسٹورنٹ پر ملکی اور غیر ملکی سیاح بڑی تعداد میں روایتی کھانے کے لیے آتے ہیں۔ اور اکثر غیر ملکی سیاحوں خصوصا خواتین کے ساتھ بات چیت اور مذاق بھی کرتے رہتے ہیں اور ساتھ ہی ویڈیو بھی بنا لیتے ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ نثار خان ٹک ٹاک پر بھی سرگرم ہیں اور انہی ویڈیو کے ساتھ میوزک لگا کر ٹک ٹاک پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔ پولیس ایف آئی آر کے مطابق نثار خان کے خلاف عوامی شکایات بھی موصول ہوئی تھیں جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ نثار خان اپنے ریسٹورنٹ میں غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ کھلے عام نازیبا حرکات کرتے ہیں اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔
ایف آئی آر میں مزید لکھا ہے سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز بھی وائرل ہوئی ہیں، جس میں ریسٹورنٹ کے مالک سیاحوں کے ساتھ کھلے عام نازبیا حرکات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان ویڈیوز کے حوالے سے سوشل میڈیا پر انہیں کافی تنقید کا سامنا تھا۔
پولیس کا موقف ہے کہ اپنے چرسی تکہ کے لیے مشہور اس ریسٹورنٹ کا مالک مبینہ طور پر سیاحوں کو ہراساں کر رہا تھا، جس سے بدنامی بھی ہو رہی تھی۔
نمک منڈی فوڈ اسٹریٹ
پشاور شہر میں واقع تاریخی فوڈ اسٹریٹ نمک منڈی سیاحوں کی پسندیدہ جگہ ہے۔ جہاں شام ہوتے ہی ہر طرح روایتی کھانوں کی خوشبو پھیل جاتی ہے۔ نمک منڈی دنبہ تکہ کڑائی کے لیے مشہور ہے۔ پشاور آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاح یہاں کا ضرور رخ کرتے ہیں۔ نمک منڈی میں نثار چرسی ریسٹورنٹ سب سے زیادہ مشہور ہے۔ جہاں دیگر ریسٹورنٹ کی نسبت رش زیادہ ہوتا ہے۔