ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد: صحافی خالد جمیل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

جمعہ 22 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے صحافی خالد جمیل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ صحافی خالد جمیل پر سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے، اور ایف آئی اے نے عدالت سے صحافی کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

صحافی خالد جمیل کو گزشتہ روز اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا، اور ان پر سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جس پر آج ان کو اسلام آباد کچہری میں پیش کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے کیس کی سماعت کی، صحافی خالد جمیل کی طرف سے جہانگیر جدون اور نوید ملک عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

ایف آئی اے نے صحافی کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، صحافی کے وکلاء کی جانب سے ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی گئی، وکیل نوید ملک نے کہاکہ پاکستان کے اندر آزادی اظہار رائے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے۔

بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہاکہ ایف آئی اے نے اپنے ہی بنائے ہوئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی ہے، صحافی کو گرفتار کرکے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ ریمانڈ تو بنتا ہی نہیں کیس سے ڈسچارج کیا جائے۔

عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کیا، اور صحافی خالد جمیل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp