خبر دار! اب آپ گلگت بلتستان میں سرکاری گاڑی کا نجی استعمال نہیں کر سکتے

جمعہ 22 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سرکاری گاڑیوں کا نجی استعمال ختم کرنے کے لیے گلگت بلتستان حکومت نے سرکاری گاڑیوں پر ’یہ گاڑی ٹیکس گزاروں کی ملکیت ہے‘ لکھنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری محی الدین وانی نے سرکاری گاڑیوں سے متعلق بڑا فیصلہ کیا جس کے تحت سرکاری گاڑیوں پر ’یہ گاڑی جی بی کے ٹیکس گزاروں کی ملکیت ہے‘ لکھا جائے گا۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق صوبے میں موجود تمام تر سرکاری گاڑیوں پر حکومت گلگت بلتستان کا لوگو لگایا جائے اوران گاڑیوں پر عوام کی ملکیت ہے لکھا جائے۔

چیف سیکریٹری محی الدین وانی کے مطابق اس فیصلے کا مقصد سرکاری گاڑیوں کا غلط استعمال روکنا ہےگلگت بلتستان حکومت کے فیصلے کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ سراہا جارہا ہے۔

گلگت بلتستان حکومت کے فیصلے کی سوشل میڈیا پر  ایک طرف زبردست تحسین تو دوسری جانب تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ڈاکٹر فرحان ورک نے گاڑیوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان بھر میں ہر سرکاری گاڑی پر یہ لکھوایا جائے تاکہ سرکاری ملازمین کو عوام کا احساس ہو۔

سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سائرہ بانو نے ڈاکٹر فرحان ورک کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دماغ میں ایسے آئیڈیاز آتے کہاں سے ہیں۔ ٹیکس دینے والے سائیکل پر آگئے ہیں اتنی مہنگی گاڑی کی ضرورت ہے؟۔

ایک اور ایکس صارف عثمان عتیق بٹ نے چیف سیکرٹری کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ نہ کبھی سنا نہ ديکھا، اس کارنامے کے پيچھے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کا دماغ ہے۔ يقين ہے کہ افسر شاہی بلکل خوش نہيں ہوں گے۔ مگر عوام بہت خوش ہے۔ اس آئیڈیا کو پورے پاکستان پر رائج کرنا چاہیے۔

کومیل احمد معاویہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ ایک عمدہ اقدام ہے، کاش سارے پاکستان کی سرکاری گاڑیوں پر یہ نمایاں طور پر لکھوایا جاتا۔ اس طرح کے اقدامات سے عوامی وسائل کا بےدردی سے استعمال کسی حد تک کم ہو سکتا ہے۔

ایک اور ایکس صارف میر محمد علی خان نے اپنی پوسٹ میں اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ہمیں اس مُلک میں فقط ڈرامے پسند ہیں مُستقل حل نہیں۔ گلگت بلتستان کی گاڑیوں پر یہ لکھوانے سے کیا سرکاری گاڑیوں کا غلط استعمال رُکے گا ؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp