نیپال کرکٹ ٹیم نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک ہی میچ میں مختلف ریکارڈ بنا ڈالے، منگولیا کے خلاف ایشین گیمز ٹی 20 ٹورنامنٹ میں نیپال نے سب سے زیادہ اسکور بنائے، یہی نہیں تیز ترین سینچری، نصف سینچریاں اور سب سے بڑے مارجن کے ساتھ سب سے زیادہ چھکے لگائے اور میچ جیت کر دنیائے کرکٹ کو حیران کر دیا۔
ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں پہلی بار 300 اسکور
نیپال کرکٹ ٹیم نے منگولیا کے بولرز کی درگت بناتے ہوئے 20 اوورز کے میچ میں 300 اسکور بنا کر ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا، نیپال دنیا کی پہلی ٹیم ہے جس نے ٹی ٹوئنٹی میں 300 اسکور بنائے ہیں۔
اس سے قبل افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف 3 کھلاڑی آؤٹ پر 278 اسکور بنائے تھے، جبکہ نیپال نے منگولیا کے خلاف 3 کھلاڑی آؤٹ پر 314 اسکور بنائے۔
دپیندرا سنگھ کی ففٹی
نیپال ٹیم کی جانب سے بیٹر دپیندرا سنگھ ایری نے اسی میچ میں ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کا ایک اہم ریکارڈ اپنے نام کیا، دپیندرا سنگھ نے بھارتی کھلاڑی یوراج سنگھ کا 12 گیندوں پر نصف سینچری بنانے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے، صرف 9 گیندوں پر نصف سینچری بنا ڈالی۔
کوشال مالا کی سینچری
نیپال کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کوشال مالا نے سب سے تیز ترین سینچری کا ریکارڈ اپنے نام کر دیا، کوشال مالا نے صرف 34 گیندوں پر 12 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے سینچری بنائی، اس سے قبل بھارتی کھلاڑی روہت شرما اور ساؤتھ افریقہ کے کھلاڑی ڈیوڈ ملر کا 35 گیندوں پر سینچری اسکور کرنے کا ریکارڈ تھا۔
کوشال مالا نے اپنے ریکارڈ میں ایک اور اضافہ کرتے ہوئے، سب سے زیادہ 520 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ اننگز کھیلی۔
بڑے مارجن کے ساتھ جیت اور سب سے زیادہ چھکے
نیپالی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں سب سے بڑے 314 کے ٹارگٹ کے بعد سب سے بڑے مارجن سے منگولیا کو ہرانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا، نیپال نے منگولیا کو 274 رنز سے شکست دی، منگولیا کو جیت کے لیے 315 رنز درکار تھے تاہم انکی پوری ٹیم محض 41 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیپالی ٹیم نے اننگز میں مجموعی طور پر 26 چھکے مار کر افغان ٹیم کے آئرلینڈ کے خلاف 22 چھکوں کے ریکارڈ کو پاش پاش کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔