آج سے 30 ستمبر تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی طوفان کے ساتھ بارش، ملک کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے عمران قریشی کے مطابق مون سون کا آخری اسپیل آندھی طوفان کے ساتھ شروع ہونے کا خدشہ ہے، 28 سے 30 ستمبر کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
عمران قریشی نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے کے عملے اور تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ جمعرات اور جمعہ المبارک کے روز خیبر پختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمات کے مطابق اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بلند پہاڑوں پر برفباری کی بھی توقع ہے۔