بلوچستان کے ضلعے چاغی کے مرکزی بازار میں بدھ کی شام سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید جب کہ 3 زخمی ہوگئے۔
لیولز اہلکار عبدالرحمان نے وی نیوز کو بتایا کہ دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے نصب تھا اور جیسے ہی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی وہاں سے گزری تو ایک زور دار دھماکہ ہوگیا۔
عبدالرحمان نے بتایا کہ دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز و امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچی جہاں سے شہدا اور زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیے اور مذکورہ کارروائی کی مزید تفتیش بھی جاری ہے۔ تاحال کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
چیئرمین سینیٹ کی مذمت
دریں اثنا چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اس حوالے سے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’میں بلوچستان کے علاقے چاغی میں سڑک کے کنارے ہونے والے گھناؤنے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں جس کے نتیجے میں 2 جانیں ضائع ہوئیں اور 3 زخمی ہوئے‘۔
https://twitter.com/OfficeSenate/status/1709605485718949897
صادق سنجرانی نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کی اس طرح کی کارروائیاں دہشت گردی کے خاتمے اور اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کو مزید پختہ کرتی ہیں اور ہم ان لایعنی حرکتوں کے خلاف متحد اور بلوچستان اور پوری قوم کے امن اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔