ملک بھر میں اگست کے بجلی کے بلوں میں بڑے اضافے پر عوام نے بھر پور احتجاج کیا تھا، متعدد مقامات پر اجتماعی طور پر بجلی بلوں کو نذر اتش کیا گیا تھا۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس قدر بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں لیکن واپڈا والوں کو لازمی فری یونٹس فراہم کیے جاتے ہیں، انہیں ان مفت یونٹس کی فراہمی کو روکا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ایک لاکھ 89 ہزار واپڈا ملازمین نے 8 ارب روپے کی مفت بجلی استعمال کی تھی۔
پاور ڈویژن نے بجلی کمپنیوں کے افسران کو مفت بجلی یونٹس کی جگہ مالی سہولت فراہم کرنے کی سمری کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو ارسال کر دی ہے، سمری کو آج ہونے والے اجلاس میں منظور کیا جائے گا۔
پاور ڈویژن کے مطابق افسران کو مفت یونٹس کی سہولت ختم کرنے سے ماہانہ 50 کروڑ اور سالانہ 6 ارب روپے کی بچت ہو سکے گی۔
پاور ڈویژن کی جانب سے تیار کی گئی سمری کے مطابق گریڈ ایک سے 16 تک کے واپڈا ملازمین کو بجلی کے فری یونٹس کی فراہمی جاری رہے گی جبکہ گریڈ 17 سے گریڈ 21 تک کے افسران کو فری یونٹس کی جگہ مالی سہولت فراہم کی جائے گی۔
گریڈ ایک سے 4 کے واپڈا ملازمین کو ماہانہ 100 یونٹس مفت فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد 50 یونٹس ماہانہ فراہم کیے جاتے ہیں۔
گریڈ 5 سے 10 تک کے ملازمین کو ماہانہ 150 یونٹ اور ریٹائرمنٹ کے بعد 75 یونٹ، گریڈ 11 سے 15 تک کے ملازمین کو 200 یونٹ اور ریٹائرمنٹ کے بعد 100 یونٹ، جبکہ گریڈ 16 کے ملازمین کو 300 یونٹ اور ریٹائرمنٹ کے بعد 150 یونٹ ماہانہ مفت فراہم کیے جاتے ہیں ۔
پاور ڈویژن کے مطابق ان تمام ملازمین کو اب بھی ماہانہ فری یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔
واپڈا افسران کو بھی سینکڑوں یونٹس ماہانہ مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔ 17 ویں اسکیل والے افسر کو ماہانہ 450 یونٹ، 18 ویں اسکیل والے کو 600 یونٹ، 19 ویں اسکیل والے کو ماہانہ 880 یونٹ، 20 ویں اسکیل والے کو 1100 یونٹ جبکہ 21 ویں اسکیل والے واپڈا افسر کو ماہانہ 1300 بجلی یونٹ مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔ ان تمام افسران کو ریٹائرمنٹ کے بعد پہلے ملنے والے یونٹس کے نصف یونٹس مفت فراہم کیا جاتے ہیں۔
پاور ڈویژن کی جانب سے تیار کی گئی سمری کے مطابق گریڈ 17 سے 21 تک کے واپڈا افسران کو مفت یونٹس فراہم نہیں کیے جائیں گے، جبکہ مفت یونٹس کی جگہ تنخواہ میں مالی سہولت دی جائے گی۔
17ویں اسکیل والے افسر کو ماہانہ 450 یونٹ کی جگہ 15 ہزار 858 روپے، 18 ویں اسکیل والے کو 600 یونٹ کی جگہ ماہانہ 21 ہزار 996 روپے، 19ویں اسکیل والے کو ماہانہ 880 یونٹ کی جگہ 47 ہزار 594 روپے، 20 ویں اسکیل والے کو 1100 یونٹ کی جگہ ماہانہ 46 ہزار 992 روپے جبکہ 21 ویں اسکیل والے واپڈا افسر کو ماہانہ 1300 بجلی یونٹ کی جگہ تنخواہ میں 55 ہزار 536 روپے ادا کیے جائیں گے۔
پاور ڈویژن کی سمری میں پاور جنریشن کمپنیوں کے افسران کو بھی مفت یونٹس کی جگہ مالی سہولت دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ گریڈ 17 کے افسران کو 24 ہزار 570 روپے، گریڈ 18 کے افسران کو 26 ہزار 460 دوپے، گریڈ 19 کے افسران کو 42 ہزار 720 روپے، گریڈ 20 کے افسران کو 46 ہزار 992 روپے اور گریڈ 21 کے افسران کو 55 ہزار 536 ماہانہ تنخواہ کے ساتھ فراہم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔